Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کیلئے گھر اور خیرپور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

اگر عمران تحفے بیچ کر غریبوں کے حوالے کر دیتا تو میں تعریف کرتا، شہباز شریف
شائع 21 دسمبر 2022 05:27pm
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — اسکرین گریب
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے تمام مسائل بروے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

خیرپور میں سیلاب متاثرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پچھلے چند ماہ میں سیلاب نے مہران کی وادی میں تباہی مچائی، میں نے زندگی میں ایسی سیلاب کی تباہی کبھی نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال ناقابل بیان تھی، لاکھوں ایکڑ زرعی زمین پانی کے اندر آگئی، فصلیں تباہ ہوگئیں، صوبائی حکومتوں نے وفاقی اداروں سے مل کر مشکل وقت میں امداد فراہم کی، وفاقی حکومت نے اپنے وسائل سیلاب متاثرین کے قدموں میں نچھاور کیے تاہم سیلاب بہت بڑا تھا اس لیے تمام وسائل کم تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے 25 ہزار روپے ہر خاندان کو مہیا کیے، این ڈٰی ایم اے نے 18 ارب روپے کا امدادی سامان مہیا کیا، سندھ حکومت نے بھی اربوں روپے خرچ کیے ہیں، بحالی کا کام کافی حدتک ہوچکا ہے، مگر کافی علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج بھی 80 لاکھ خاندان پانی سے متاثر جب کہ دو کروڑ لوگ امداد کے مستحق ہیں، 90 لاکھ بچے اب بھی سیلاب سے متاثر ہیں، سردی کا موسم شروع ہوچکا ہےاور کھلے آسمان کے نیچے لوگ بیٹھے ہیں، متاثرین کی امداد کے لیے اربوں کھربوں روپے چاہیے۔

سیلاب متاثرین کی امداد پر دوست ممالک کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یورپی ممالک اور ترکیہ سے بے شمار امداد پہنچی، یواے ای، قطر اور دیگر دوست ممالک نے بھی امداد دی۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران نے خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی بیچ دی، اگر وہ تحفے بیچ کر غریبوں کے حوالے کر دیتا تو میں تعریف کرتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم چاروں صوبوں میں ہسپتال اور گھر بنائیں گے، 5 ارب روپے وزیراعظم فنڈ میں جمع ہوئے ہیں، جس سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھر بنیں گے، سندھ حکومت اس کے لئے زمین مہیا کرے گی جب کہ خیبرپور میں کامسیٹ یونیورسٹی بنانے کا بھی اعلان کرتا ہوں۔

Shehbaz Sharif

Khairpur

Sindh floods

Pakistan Floods