Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

’ریسٹورنٹ، ہوٹل، مارکیٹس رات 8، شادی ہال 10 بجے بند کردئے جائیں گے‘

حکومتی اداروں میں 20 فیصد لوگ گھر سے کام کریں تو 56 ارب روپے کی بچت ہوگی.
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2022 04:14pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیر دفاع خواجہ آصف نے توانائی کی بچت کے حوالے سے مختلف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری سے متعلق پالیسی تشکیل دی جارہی ہے، جس کے تحت ریسٹورنٹ، ہوٹل اور مارکیٹس رات 8 بجے بند کردی جائیں گی۔

وزیر دفاع نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اداروں میں 20 فیصد لوگ گھر سے کام کریں تو 56 ارب روپے کی بچت ہوگی، جبکہ دیگر اقدامات کے ذریعے 6 کروڑ 20 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پالیسی کے تحت شادی ہالز رات 10 بجے بند کردیئے جائیں گے، الیکٹرک بائیکس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،جس کیلئے الیکٹرک بائیکس کی درآمد شروع کردی گئی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ لائٹس آن کرنے کی ترتیب سے بھی بچت میں اضافہ ہوگا، مختلف ذرائع سے توانائی کی بچت کرکے ملکی معیشت کو اربوں کا فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے میں بھی ڈرپ ایری گیشن اور سپرنکل ایری گیشن کی ترغیب دی جائےگی، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آئندہ 2 روز میں توانائی کی بچت کے حوالے سے صوبوں سے بھی تجاویز مانگی جائیں گی، توانائی کی بچت کا یہ قومی پروگرام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات تک کفایت شعاری پالیسی کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔

وزیر دفاع کہتے ہیں کہ دن کی روشنی سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا، غیر ضروری روشنیوں کو بند کر کے دن کی روشنی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سنگین معاشی صورتِ حال کے تناظر میں ہمیں اپنی عادتیں تبدیل کرنا ہوں گی، اپنے وسائل میں رہ کر اخراجات کرنے ہیں۔

Khawaja Asif

measures to save energy

Markets Closed

restaurants closed