Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لکی مروت: تھانہ برگی پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 پولیس اہلکار شہید، 4 زخمی

دہشت گردوں نے تھانے پر ہینڈ گرینڈ اور راکٹ لانچرز سے حملہ کیا
اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2022 11:38am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ آج نیوز اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ آج نیوز اسکرین گریب

لکی مروت کے تھانہ برگی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق رات گئے دہشت گردوں نے تھانے پر ہینڈ گرینڈ اور راکٹ لانچرز سے حملہ کیا، اس دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ شہید ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل عمران، کانسٹیبل خیرالرحمان ، محرر ہیڈ کانسٹیبل ابراہیم اور کانسٹیبل سبزعلی شامل ہیں۔

زخمیوں میں پی ایس آئی گل صاحب خان، کانسٹیبل بلقیاز، کانسٹیبل امیر نواز اور فرمان اللہ شامل ہیں جبکہ زخمی اور شہید اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا۔

حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری تھانہ برگی پہنچ گئی اورعلاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ 4 مہینوں سے لکی مروت میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو گئی ہے، گزشتہ مہینے بھی ڈاڈیوالہ میں پولیس وین پر حملے میں 6 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا تھا۔

دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

دوسری جانب لکی مروت کے پولیس تھانہ برگی پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں آر پی او بنوں محمد اشفاق انور، ڈی پی او اور آرمی و سول افسران نے شرکت کی۔

terrorist attack

Lakki Marwat

police

Terrorist

Burgi police station