وزیرخارجہ کے بیان کیخلاف بھارت بھر میں مظاہرے، بلاول کے پُتلے نذر آتش
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے خلاف بھارت پھر میں مظاہرے کیئے گئے جس میں ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کارکنان نے وزیر خارجہ کا نریندر مودی کو گجرات کا قصائی قرار دینے کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کیئے جس میں بلاول بھٹو کے پُتلے بھی جلائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق بی جے پی رہنما و کارکنان نے بلاول بھٹو کے بیان کو ’توہین آمیز‘ قرار دیتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بی جے پی کے سیکڑوں کارکنان نے بلاول بھٹو کے بیان پر دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاج کے دوران متعدد افراد کو پولیس نے حراست میں لیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نیو یارک میں وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی جانب سے پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینے اور القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی مہمان نوازی کرنے کے بیان پر ردعمل میں کہا تھا کہ ’ اسامہ بن لادن مر چکا ہے لیکن گجرات کا قصائی آج بھارت کا وزیر اعظم ہے جس پر وزیر اعظم بننے سے پہلے امریکا میں داخلے پر پابندی تھی۔’
بی جے پی نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا تھا ’ بلاول کا تبصرہ انتہائی توہین آمیز، ہتک آمیز اور بزدلی سے بھرا ہوا ہے اور یہ صرف اقتدار میں رہنے اور اپنی حکومت کو بچانے کے لئے دیا گیا ہے۔’
بھارت کی حکمران جماعت 17 دسمبر کو ملک بھر کے تمام دارالحکومتوں میں احتجاج کرنے اور وزیر خارجہ کے پتلے جلانے کا اعلان کیا تھا۔
Comments are closed on this story.