Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر آج بھی فیصلہ نہ سنایا جا سکا

متنازع ٹویٹ کیس میں پی ٹی آئی سینیٹر کی ضمانت پر فیصلہ پھر مؤخر
شائع 16 دسمبر 2022 11:38am
اعظم سواتی (فوٹو:فائل)
اعظم سواتی (فوٹو:فائل)

متنازع ٹویٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا۔

اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں اعظم سواتی کے متنازع ٹویٹ کے کیس کی سماعت ہوئی ،اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی اور اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں اعظم سواتی کی درخواستِ ضمانت پر آج بھی محفوظ فیصلہ نہ سنایا جا سکا۔

نئے تعینات ہونے والے جج اعظم خان نے تاحال بطور اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کا چارج نہیں سنبھالا۔

جس کے بعد عدالت نے اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل تبدیل ہونے والے جج راجہ آصف نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اعظم سواتی کی ضمانت کا فیصلہ محفوظ کیا تھا ،جس کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے والے جج راجہ آصف محمود کا تبادلہ ہو گیا تھا۔

گزشتہ روز وزارت قانون سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود کو فوری طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اعظم خان کو 3 سال کے لئے اسپیشل جج سینٹرل تعینات کردیا گیا تھا۔

اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ پہلے 15 پھر 16 دسمبر تک مؤخر کردیا گیا اور آج 19 دسمبر تک مؤخر کیا گیا ہے۔

pti

اسلام آباد

Bail

azam sawati