اسامہ بن لادن مر چکا مگر گجرات کا قصائی زندہ ہے جوکہ بھارتی وزیراعظم ہے’
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نریندر مودی کو بھارتی گجرات کا قصائی قرار دے دیا۔
نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی گجرات کا قصائی ہندوستان کا وزیراعظم ہے، بھارتی حکومت گاندھی کا نہیں، گاندھی کے قاتل کے نظریات پر یقین رکھتی ہے۔
وزیر خارجہ نے نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم بننے تک مودی کے امریکا میں داخلے پر پابندی تھی، بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن مر چکا ہے مگر گجرات کا قصائی زندہ ہے۔
ہمیں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی کامیابیوں پر فخر ہے
ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوگی، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں، انسداد دہشتگردی کے قومی لائحہ عمل کے تحت ٹھوس اقدامات کئے، ہمیں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی کامیابیوں پر فخر ہے۔
دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا ہر گز درست نہیں
بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے فنانشل ایکشن ٹاکس فورس (فیٹف)نے ہمارے اقدامات کی توثیق کی، میری والدہ بے نظیر بھٹو کو دہشت گردوں نے شہید کیا، دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا ہر گز درست نہیں۔
2001 کے بعد دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والے مسلمان تھے
اپنی پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب یا خطے سے تعلق نہیں، تمام مسلمان دہشت گرد نہیں جب کہ 2001 کے بعد دہشتگردی کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والے مسلمان تھے اور مسلم دنیا کو دہشت گردی کے لئے مورد الزام ٹھہرانا قطعاً غلط ہے۔
جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید ثبوت ہیں
انہوں نے کہا کہ درحقیقت پاکستان میں دہشت گردی کے لئے بیرون ملک سے معاونت کی گئی، دہشت گرد عناصر کو ہمارے ہمسایہ ملک سے معاونت مل رہی ہے، جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید ثبوت ہیں۔
وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے، کراچی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے اور بلوچستان میں عدم استحکام کے لئے بھی غیر ملکی عناصر سرگرم ہیں جن کی مالی معاونت اور تربیت کی فراہمی روکنا ہوگی۔
Comments are closed on this story.