ایف آئی اے نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کو گرفتار کرلیا
عامر لیاقت حسین مرحوم کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ (دانیہ ملک) کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کرلیا۔ دانیہ کو اپنے مرحوم شوہر کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
عامر لیاقت حسین رواں برس 9 جون کو انتقال کرگئے تھے۔ انہوں نے جنوری میں دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی تاہم جلد ہی دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔
دانیہ شاہ نے بہاولپور کی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کر رکھی تھی کہ اسی دوران عامر لیاقت کے بیڈ روم کی کچھ نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن کے حوالے سے عامر لیاقت انتہائی صدمے کی کیفیت میں تھے، انہوں نے ان ویڈیوز پر روتے ہوئے ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ لودھراں کے نواحی گاؤں ڈانوراں میں دانیہ شاہ کے گھر چھاپہ مارا۔
دانیہ شاہ کی والدہ سلمیٰ بی بی کا کہنا ہے کہ پرائیوٹ لوگوں اور تھانہ صدر پولیس نے مل کر میرے گھر چھاپہ مارا۔
انوہں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور پرائیوٹ لوگوں نے مجھ سمیت میرے بچوں پر تشدد کیا، اور دانیہ شاہ کو مارتے ہوئے گاڑی میں بٹھا کر اغواء کرکے لے گئے۔
والدہ نے بتایا کہ عامر لیاقت کی سابقہ بیوی بشرا کی وکیل بھی ہمراہ تھیں۔ بار بار پوچھنے پر کہا گیا تھانہ صدر لودھراں آجاؤ وہاں بتاتے ہیں۔
سلمیٰ بی بی کا کہنا ہے کہ میری بیٹی کو کہاں لے کر گئے اور کس کیس میں پکڑا ہمیں پولیس ابھی تک بتا نہیں رہی۔
انہوں نے وزیر اعظم و آئی جی پنجاب سے وقوعہ پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کراچی نے اپنے کسی مقدمہ کے اشتہاری کو تھانہ صدر پولیس کے ہمراہ گرفتار کیا ہے۔ تھانہ صدر پولیس نے کوئی شخص گرفتار نہیں کیا۔
Comments are closed on this story.