ملک میں ڈالر کی قدر مستحکم، اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی
ملکی تبادلہ منڈیوں میں امریکی ڈالر کی قیمت آج مستحکم رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جمعرات کے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت بغیر اضافے یا کمی کے 224 روپے 71 پیسے پر برقرار رہی اور کاروباری ہفتے کے چار دنوں میں دالر کی قیمت میں 31 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی سرکاری قیمت فروخت 234 روپے ہے جب کہ گرے مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 250 روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) میں آج سارا دن اتار چڑھاؤ کا رجحان رہا، سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت کے باعث مارکیٹ منفی زون میں آگئی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 557 پوائنٹس کمی سے 41 ہزار 179 پر بند ہوا اور مارکیٹ میں آج 24 کروڑ 44 لاکھ شیئرز کے سودے کئے گئے۔
Comments are closed on this story.