Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

معیشت کی بحالی کیلئے مفتی تقی عثمانی کا وظیفہ، سوشل میڈیا برہم

'آپ لوگ کسی ریاستی ادارے, جج یا جرنیل کو کیوں نہیں خوف خدا یاد دلاتے۔'
اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2022 05:46pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک کے معروف عالم دین اور دارالعلوم کراچی کے سربراہ مفتی تقی عثمانی نے ملک کی مسلسل گرتی معیشت کی بحالی کے لیے ایک وظیفہ بتایا ہے۔

انہوں نے ملک کے اقتصادی حالات میں بہتری کیلئے عوام سے روزانہ رات کو قرآن کریم کی ایک سورۃ پڑھنے کی درخواست کی ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے اپنے ٹوئٹر پر جاری اپنےپیغام میں لکھا کہ، ”ملک كے جو اقتصادی حالات ہیں ان میں بہتری لانے کیلئے مخلصانہ اقدامات ارباب اختیار کا کام ہے، اللہ تعالیٰ انہیں اس کی توفیق عطا فرمائیں۔“

انہوں نے مزید لکھا کہ ”عام مسلمانوں سے درخواست ہے وہ روزانہ رات کو سورۃ واقعہ پڑھنا معمول بنا کر اللہ تعالیٰ سے دعا ضرور کیا کریں کیونکہ سب کچھ اسی کے اختیار میں ہے۔“

مفتی تقی عثمانی کو ان کے مشورے پر بیشتر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

محمد محسن نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا، “ سبحان اللہ، کیا حل تجویز فرمایا ہے۔ یہ آپ لوگوں کی ساری تبلیغ، قصے کہانیاں، ورد اور تلاوتیں ساری عام لوگوں کیلئے کیوں ہوتی ہیں۔ کسی ریاستی ادارے جج یا جرنیل کو کیوں نہیں خوف خدا یاد دلاتے آپ لوگ۔ جب پاکستان کے مفتی اعظم کا یہ حال ہے تو پاکستان کا اللہ ہی خافظ ہے۔“

نادیہ نیلم لکھتی ہیں، “ آپ کا احترام اپنی جگہ مگر کاش تمام علمائے حق حضرت مولانا طارق جمیل صاحب کی طرح ببانگ دہل حق بات کرسکتے اور جو اصل بیماری ہے اس کی تشخیص بھی کرتے تاکہ دعا کےساتھ دوا بھی ہو۔“

ڈاکٹر ولید قادر نامی صارف کہتے ہیں کہ، ”اللہ آپ کو ہدایت کے ساتھ شعور بھی عطا فرمائے، اگر اس سے کام چلایا جاسکتا ہے تو آئی ایم ایف کے پیچھے کیوں بھاگتے ہو، اور اگر یہی حقیقت ہے تو یہ دانشور کیوں بٹھائے ہوئے ہیں جو لاکھوں کی تنخواہ مفت میں کھاتے ہیں۔“

ایک طرف جہاں مفتی تقی عثمانی پر تنقید کی جارہی ہو دوسری جانب بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ”انشاء اللہ ضرور“ اس پر عمل کریں گے۔

Mufti Taqi Usmani