’بیہودہ ٹویٹ عمران خان کے کردار پربھی حملہ تھا‘
ٹی وی اینکراقرارالحسن نے اپنے لیے وینا ملک کی جوابی ٹویٹ کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے کردار پربھی حملہ قراردیا ہے۔
پی ٹی آئی حامیوں کی تنقید کا شکاراقرارالحسن نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ سیاسی نہیں سماجی پروگرام کرتے ہیں اور کیرئیرکے دوران کبھی کسی سیاسی رہنما سے ملاقات نہیں کی۔
اقرارنے اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں عمران خان سے بھی ملاقات کروانے کا کہا گیا تھا جس کے گواہ اور ثبوت موجود ہیں لیکن معذرت کرلی تھی، ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھا، ’بس دُعا ہے کہ خان صاحب اگلے انٹرویوکیلئے وینا ملک کا انتخاب نہ کرلیں۔‘
اس ٹویٹ پروینا ملک نے سخت جواب دیتے ہوئے اقرارسے کہا کہ آپ اپنی دونوں بیویوں کو بھیج دیں، میں آپ کی خاطرعمران خان کا انٹرویونہیں کرتی۔
وینا کے اس جواب نے سوشل میڈیا پرایک نئی بحث کو جنم دیا اور جہاں بیشترصارفین نے ایسے الفاظ کے استعمال کو نامناسب قراردیا تو وہیں بہت سوں نے اقرار کی جانب سے پہل کو بھی غلط کہا۔
بعد ازاں اقرارالحسن نے مزید ٹویٹس میں پی ٹی آئی کے ان تمام سپورٹرزکا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سیاسی اختلاف کے باوجود وینا کے نامناسب ٹویٹ کی مذمت کی۔
اقرار نے لکھا ، ’یقین جانئیے تحریک عدم اعتماد کے وقت میری ایک اہلیہ سماء میں اینکر تھیں جن سے سماء چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔ آج آپ سب میرے اس فیصلے کی لاج رکھی ہے۔‘
ساتھ ہی وینا کی جانب سے اپنی بیگمات کیلئے کہے گئے الفاظ پراقرار نے کہا کہ، ’ میں سمجھتا ہوں وہ نامناسب اور بیہودہ ٹوئیٹ اصل میں خان صاحب کے کردار پر بھی ایک حملہ تھا یعنی میری اہلیہ یا کوئی بھی خاتون صحافی اگر خان صاحب کا انٹرویو کرنے جائے تو کیا یہ ایک طعنہ ہے؟۔
واضح رہے کہ وینا ملک پاکستان تحریک انصاف کی حمایتی ہیں اوراکثروبیشترعمران خان سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔
Comments are closed on this story.