Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈالر اور ایل سیز کی بندش کا اثر، ملک میں ادویات کے بحران کا خدشہ

ادویہ ساز کمپنیوں کے پاس صرف چند ہفتے کا خام مال بچا ہے، وزارت خزانہ
شائع 13 دسمبر 2022 01:13pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک میں ادویات کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر وفاقی وزارت صحت نے وزارت خزانہ کو خط لکھ دیا ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ادویات کےخام مال کیلئے ایل سیز نہ کھولی گئیں تو بحران کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے، ادویہ ساز کمپنیوں کے پاس صرف چند ہفتے کا خام مال بچا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارش پر وزارت خزانہ کو خط لکھا ہے۔

پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بھارتی اور چینی کمپنیاں ادھار پر خام مال نہیں دے رہیں، اگر ایل سیز کھولنے کا مسئلہ نہ حل ہوا تو ادویات کا سنگین بحران ہوگا۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم اور فارماسوٹیکل مصنوعات کی درآمد پر پابندی نہیں ہے، جو بینک ایل سی نہیں کھول رہے ان کی نشاندہی کریں۔

دوسری جانب پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے یا معاشی ایمرجنسی لگانے سے متعلق تمام تر حکومتی وضاحتوں کے باوجود بینک ایل سیز کھولنے سے انکاری ہیں، جس کی وجہ سے تاجروں کو ادویات ، خام مال، پیاز سمیت ضروری اشیاء کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایک لاکھ ڈالرز تک کی ایل سیز کھولنے کی اجازتی دی جا چکی ہے۔

پاکستان کو ڈالر کی قلت کا سامنا ہے ان فلوز کم اور آوٹ فلوز زیادہ ہیں۔ اسٹیٹ بینک نےامپورٹس کم کرنے کیلئے کچھ اشیا کی درآمد پر پابندیاں لگائی ہیں جو 15 فیصد درآمدات کو کور کرتی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر گذشتہ ایک سال میں 10 ارب 79 کروڑ ڈالر کمی کے بعد 6 ارب 71 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں، جبکہ 4 ماہ میں ترسیلات زر 8.6 فیصد کمی سے 9.9 ارب ڈالر جبکہ پانچ ماہ میں برآمدات ساڑھے 3 فیصد کمی سے 11 ارب 93 کروڑ ڈالر پر آچکی ہیں۔

Pharmaceuticals

Medicine Import