Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہباز، زرداری حکومت نے ملک کو کنگال کردیا، عمر سرفراز چیمہ

نئے انتخابات تک ملکی حالات جوں کے توں رہیں گے
اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2022 11:32am
مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب
مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب

مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز، زرداری حکومت نے ملک کو کنگال کردیا ہے، وفاقی حکومت پیٹرول کی اضافی قیمت سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول سستا لیکن عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام کی جیبوں پر بے دردی سے ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، جب منی لانڈرنگ کے ماہر لوگ اقتدار پر قابض ہوں تو ڈالروں کی اسمگلنگ کیسے رک سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار خود شریف خاندان کی چوری کا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے ٹھکانے لگاتے ہیں، جس کا وہ برملا اعتراف کر چکے ہیں، امپورٹڈ حکومت کا ایک ایک پل ملک و قوم کے لئے تباہی کا باعث بن رہا ہے۔

عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ کرپٹ ٹولے سے بہتری کی امید دیوانے کے خواب کے سوا کچھ نہیں، امپورٹڈ کرپٹ ٹولہ ملک و قوم پر رحم کھائے، نئے انتخابات تک ملکی حالات جوں کے توں رہیں گے۔

’این آر او 2 سے مستفید ہونے والا سلیمان شہباز بھی بھاشن دے رہا ہے‘

دوسری جانب مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ این آر او 2 سے مستفید ہونے والا سلیمان شہباز بھی بھاشن دے رہا ہے، اربوں روپے لوٹنے والے کو جیل میں ہونا چاہیئے تھا مگر کرپٹ ٹولہ لٹیروں کو پروٹوکول دے رہا ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سرٹیفائیڈ لٹیرے ملک پر قابض ہوگئے ہیں، شریف فیملی نے معاشرے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کا زہر گھولا، ان کی کرپشن کی غضب کہانیاں زبان زد عام ہیں۔

مشیر داخلہ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے برملا اعتراف کیا کہ وہ شریف خاندان کے لئے منی لانڈرنگ کرتا تھا، شریف خاندان ایون فیلڈ، مے فیئرز کے اربوں روپے کے اثاثوں کے ثبوت آج تک جمع نہیں کرواسکا۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان 16 ارب کی ٹی ٹیز کے واضح ثبوتوں کے باوجود این آر او 2 سے بچ نکلا، ٹی ٹیز کی تحقیقات کرنے والے ڈاکٹر رضوان سمیت دیگر متعلقہ کرداروں کو ہمیشہ کے لئے خاموش کروا دیا گیا۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ شریف خاندان سسیلین مافیا کا پیروکار ہے جو ملک کے لئے زہر قاتل ہے۔

petrol price

Shehbaz Sharif

Asif Ali Zardari

lahore

omer sarfaraz cheema

Politics Dec13 2022