Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں اچھا کام کیا ہے، اسے آگے بڑھائیں گے‘

سابقہ پالیسیاں برقرار رکھنے سے حالات بہتر ہوں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی
اپ ڈیٹ 11 دسمبر 2022 11:23pm
Exclusive interview of Administrator Karachi Saif-ur-Rehman | Aaj Exclusive | Aaj News

شہر قائد کے نئے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سید سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ کراچی جتنا بڑا شہر ہے اس کے مسائل بھی اتنے ہی زیادہ ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے کراچی بری طرح متاثر ہوا۔

آج نیوز کو دئے گئے خصوصی انٹرویو میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے موقع دیا، کراچی کو بہتر کرنا ہوگا تو ہمیں تمام اداروں کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا، اس چیز کو میں خود لیڈ کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور گورنر نے مجھے مکمل اختیار دیے ہیں جس کی مثال میرے حالیہ فیصلے ہیں، چاہے وہ الہ دین پارک ہو یا پارکنگ مافیا میں اسی طرح اپنا کام کرتا رہوں گا۔

سیف الرحمان نے کہا کہ سابق ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں اچھا کام کیا ہے، ان کے کاموں کو آگے بڑھائیں گے۔ کشادہ سڑکیں، اسٹریٹ لائٹس اور گرین بیلٹ کو بہتر بنائیں گے۔

سیف الرحمان کا کہنا تھا کہ سابقہ پالیسیاں برقرار رکھنے سے حالات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ الہ دین پارک کی تعمیرِنو شروع کردی ہے، کراچی کے پارکس کی حالت بہتر بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام سے صورتِ حال میں بہتری آئے گی، عدالت نے بلدیاتی انتخابات کا حکم دے رکھا ہے۔

سیف الرحمان کہتے ہیں کہ وسائل کی کمی ہے، لیکن بہتر پلاننگ سے تبدیلی آسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے مسلسل رابطے میں ہوں، عوامی شکایات فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کر رہےہیں۔

ایڈمنسٹریٹر سیف الرحمان نے کہا کہ غلط پلاننگ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل ہیں، خیراتی اداروں نے فٹ پاتھ پر قبضے کئے ہوئے ہیں، ہر جگہ فٹ پاتھ پر تجاوزات موجود ہیں، فٹ پاتھ پر دکانوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چارجڈ پارکنگ کراچی کا سنگین مسئلہ ہے، بغیر نیلامی کے دیئے گئے ٹھیکے ختم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے چھ بڑے قبرستان بھر چکے ہیں، نئی اسکیمز میں قبرستان کی جگہ ہونی چاہئے۔

انہوں نے بتایا کہ عباسی شہید اسپتال کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

administrator karachi

Dr Saif Ur Rehman