Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Awwal 1446  

برطانیہ میں شہباز شریف کے داماد کا وکیل پی ٹی آئی عہدیدار نکلا

تحریک انصاف نے میاں وحید الرحمان کو عہدے سے فارغ کردیا
شائع 10 دسمبر 2022 06:56pm
تصویر: فیس بک / ایم آر سولیسٹرز ایل ایل پی
تصویر: فیس بک / ایم آر سولیسٹرز ایل ایل پی

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کے برطانیہ میں مقیم داماد کے وکیل سیکرٹری میاں وحید الرحمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عہدیدار نکلے۔

میاں وحید الرحمان پی ٹی آئی لندن کے صدر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور بطور آفس آف انٹرنیشنل چیپٹر کے ڈپٹی سیکرٹری پارٹی کیلئے خدمات انجام دے رہے تھے۔

تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے انہیں فوری طور پر ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

میاں وحید الرحمان کو فارغ کئے جانے کی وجہ ممکنہ طور پر ان کا ڈیلی میل کے خلاف شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف کا وکیل ہونا ہے۔

ڈیلی میل کی جانب سے عدالتی معاہدے کے ذریعے وزیر اعظم شہباز اور علی عمران یوسف سے معافی مانگے جانے کے بعد، پی ٹی آئی رہنماؤں نے اندرونی طور پر اعتراض اٹھایا کہ وحید الرحمان جو آج تک پی ٹی آئی او آئی سی کے ڈپٹی سیکریٹری تھے، نے علی عمران کی نمائندگی کرکے پارٹی کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔

پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نجی ٹی وی کو بتایا کہ وحیدالرحمان نے تین سال قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو براہ راست بتایا تھا کہ وہ یوسف کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اس وقت کے وزیراعظم نے اعتراض نہیں کیا تھا۔

تاہم وزیر اعظم شہباز کی جیت کے بعد سینئر قیادت نے اپنی سوچ بدلی اور میاں وحید الرحمان کو ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق میاں وحید کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیکرٹری سے خود کہا تھا کہ اگر میری پیشہ ورانہ مصروفیات سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ ہیں تو فارغ کردیں۔

میاں وحید کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی سیکرٹری کو وضاحت کردی تھی، پارٹی کے سیاسی بیانیے کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

انہوں نے کہا ”میں نے یہ پیغام جمعہ کو بھیجا تھا اور آج مجھے فارغ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ میں اس کا خیرمقدم کرتا ہوں اور مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ میری حمایت اور خواہشات پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور رہیں گی۔“

pti

Mian Waheed ur Rehman