ڈیلی میل کے صحافی کو پاکستان بلاکر سازش کی گئی، مریم اورنگزیب
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈیلی میل کے صحافی کو پاکستان بلاکر سازش کی گئی، شریف خاندان کیخلاف چار سال میں ایک کیس ثابت نہیں ہوسکا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹ بولا گیا کہ 2005 کے زلزلے کے جو پیسے آئے تھے وہ شہباز شریف نے کھا لیے، یہ یاد رہے کہ 2005 میں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ نہیں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو اپنی گرانٹ کھا جاتا ہے۔ الزام شہباز شریف پر لگائے جارہے تھے لیکن نقصان پاکستان کو ہو رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2018 میں پاکستان خودانحصاری کی طرف گامزن تھا، مہنگائی کم ترین سطح پر تھی، ن لیگ کی حکومت نے ملکی ترقی کیلئے منصوبے لگائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ن لیگ کی قیادت کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا، عمران خان کے کہنے پر شہباز شریف کیخلاف جھوٹی خبر چھاپی گئی۔ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں پراپیگنڈہ گروہ ہے، یہ خانہ کعبہ کے عکس کی گھڑی بیچتے ہیں، کوئی بھی ذہنی مریض کواستعفی نہیں دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں صرف انتقامی کاروائیاں کیں گئیں، شہزاد اکبر نے منفی کردارادا کیا، نیب الزام ثابت نہ کرسکا، ڈیلی میل نے غیرمشروط معافی مانگی ہے۔ آج یہ کہتے ہیں کہ ملک دیوالیہ پن کی طرف جا رہا ہے، پی ٹی آئی دور میں ملک پرمہنگائی مسلط کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتاری کے دوران رانا ثناء کے سیل میں کیڑے چھوڑے گئے، جنہیں آج عدالت نے باعزت بری کردیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے جلد مہنگائی کے خاتمے اور معیشت بہتر ہونے کی بھی نوید سناتے ہوئے کہا کہ انتخابات کی تاریخ اکتوبر2023 ہے جو اسی تاریخ پر ہوںگے۔
Comments are closed on this story.