Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

صدر مملکت کی چینی سفیر سے ملاقات، سی پیک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

چینی حکومت سی پیک کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے، چینی سفیر
شائع 09 دسمبر 2022 10:28pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

صدر مملکت عارف علوی سے ایوان صدر میں چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات ہوئی جس میں چین پاکستان اقتصادی راہدای منصوبے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال گیا۔

ملاقات کے دوران عارف علوی کا کہنا تھا کہ سی پیک ایک تزویراتی منصوبہ ہے جو پاکستان ، چین، علاقائی اور دنیا کے دیگر ممالک کے لیے اقتصادی، مالیاتی، ترسیل اور رابطہ سازی میں اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، دوسرے ممالک کو سی پیک میں شراکت اور اس سے فائدہ اٹھانے کا خیر مقدم کریں گے۔

صدر علوی کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کا مکمل فعال ہونا ایک اہم سنگ میل ہے، چینی آئی ٹی سیکٹر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے۔

صدر مملکت نے چین اور گوادر کے درمیان سڑک کے رابطوں کو پورا سال تمام موسمی حالات میں مکمل طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا پاکستان نے چینی کارکنوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی قیادت کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے اور نچلی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے سیکھ رہا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں سے اقتصادی، مالیاتی، مواصلات، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوستی اور تعاون مزید مضبوط ہوا، موجودہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں چین نے خطے میں بہت اہمیت اختیار کر لی ہے۔

صدر علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے چین کا قریبی ساتھی ہے، دونوں ممالک کو دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مقامی کرنسی کے استعمال کےآپشنز تلاش کرنے چاہئیں۔

اس موقع پر چینی سفیر نے صدر مملکت کو چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کھا چیانگ کی جانب سے نیک تمنائیں پیش کیں۔ نونگ رونگ نے کہا کہ چینی حکومت سی پیک کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔

china

CPEC

اسلام آباد

Arif Alvi