’شہباز شریف سے معافی ڈیلی میل کو نہیں عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہیے‘
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے معافی برطانوی اخبار ڈیلی میل کے بجائے عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہیے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈیلی میل کی معذرت مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے، اللہ تعالیٰ نے شہباز شریف کو سرخرو کیا، ان پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کی معافی سے صرف وزیراعظم نہیں بلکہ پاکستانی عوام سرخرو ہوئے، عمران خان نے شریف خاندان پر جھوٹے الزامات عائد کیے اور اقتدار میں آنے کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) ریفرنس ڈیلی میل کے حوالے کیا تھا، انہوں نے ڈیوڈ روز کو بلا کر شہباز شریف کے خلاف سازش کی اور برطانوی صحافی سے ٹاک شوز کروائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کہتے تھے شہباز شریف زلزلہ متاثرین کے پیسےکھا گئے جب کہ شہباز شریف نے 10سال اپنے خون پسینے سے پنجاب کو ترقی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں، لہٰذا شہباز شریف سے معافی ڈیلی میل کو نہیں بلکہ عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہیے۔
Comments are closed on this story.