’جیت سچائی کی ہوتی ہے‘، ڈیلی میل کی معافی پر وزیراعظم کا اظہار اطمینان
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی معافی پر وزیراعظم شہباز شریف کا بیان سامنے آیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے لکھا کہ اپنے مؤقف کی تصدیق پر اللہ کے سامنے سر بسجود کرتا ہوں، 3 سال تک عمران خان نے کردار کشی کی ہر حد پار کی، انہیں خیال نہیں آیا اس سے ملکی تشخص پر اثر پڑے گا اور دوست ممالک سے تعلقات متاثر ہوں گے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ بے بنیاد الزامات سے میرا اور میرےخاندان کا مذاق اُڑایا، غلط اور جعلی خبروں کی عمر مختصر ہوتی ہے، لہٰذا جیت سچائی کی ہوتی ہے اور صرف اللہ ہی ان کے جھوٹ بے نقاب کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف پر زلزلہ متاثرین فنڈ میں خرد برد کا غلط الزام لگانے پر برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیراعظم اور ان کے داماد سے معافی مانگ لی ہے۔
ڈیلی میل نے اپنے نمائندے ڈیوڈ روز کے کالم اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیئے اور شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات پر برطانوی عدالت میں بھی معافی نامہ جمع کرادیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیلی میل کی اس خبر پر برطانیہ میں ہتک عزت کا دعویٰ کیا تھا۔
Comments are closed on this story.