Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

گوگل میپس پر فوراً اپنا گھر دھندلا کرنا کیوں ضروری ہے؟

گوگل میپس پر چیزوں کو دھندلا کرنے کا آسان طریقہ جانئے
شائع 08 دسمبر 2022 08:25pm
گوگل میپس میں ایک غیر واضح گھر۔ (تصویر بزریعہ سی نیٹ)
گوگل میپس میں ایک غیر واضح گھر۔ (تصویر بزریعہ سی نیٹ)

چاہے ہمیں پسند ہو یا نہ ہو، لیکن گوگل ہماری تمام زندگیوں سے اس قدر جڑ چکا ہے کہ ہماری نجی زندگی بھی اب کوئی معنی نہیں رکھتی۔

ہمیں کچھ خریدنا ہو، کھانے یا پہننے کی خواہش ہو، گوگل کو سب پتا ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ ہماری رہائش گاہ بھی گوگل سے محفوظ نہیں۔

اکثر ہم گوگل کی میپنگ سروس کا استعمال ڈائریکشنز وغیرہ حاصل کرنے کیلئے کرتے ہیں، اگر آپ نے کبھی Street View استعمال کیا ہے، تو آپ جانتے ہوں گے کہ آپ Google Maps میں کوئی بھی پتہ درج کر سکتے ہیں اور وہاں موجود چیزوں کی حالیہ تصویر دیکھ سکتے ہیں، چاہے وہ کاروبار ہو یا رہائشی علاقہ۔

جس سے آسانی تو ہوتی ہے لیکن یہ مجرموں کے لیے گھر میں گھسنے کی منصوبہ بندی بھی آسان بناتا ہے۔

ان کے پاس آپ کے گھر کا آن لائن معائنہ کرنے کے لیے ایک مفت ٹکٹ ہے، بس قریبی کیمرہ تلاش کریں اور اندر جانے کے لیے ممکنہ کھڑکی انہیں مل جائے گی۔

کوئی بھی شخص ذاتی طور پر ایسا کر سکتا ہے، لیکن Google Maps اسے مزید آسان بنا دیتا ہے، کیونکہ آپ اپنے فون یا کمپیوٹر پر آرام سے کسی کے گھر کی جاسوسی کر سکتے ہیں۔

خوش قسمتی سے اس سے بچنے کیلئے Google Maps پر اپنا گھر دھندلا دکھانے کا ایک آسان طریقہ ہے جو دوسروں کو آپ کی رہائش کی تفصیلات دیکھنے سے روکنے میں مدد کرتا ہے۔

گوگل میپس پر گھر دھندلا کرنے کا طریقہ

اس کیلئے آپ کو کمپیوٹر کی ضرورت ہوگی کیونکہ دھندلا کرنے کا یہ فیچر iOS یا Android پر موجود Google Maps ایپلی کیشن میں دستیاب نہیں، حالانکہ یہ آپ کے موبائل فون ڈیوائس پر ویب براؤزر کے ذریعے قابل رسائی ہے، لیکن اسے استعمال کرنا کافی مشکل ہے، لہٰذا اس کے بجائے اپنے میک یا پی سی پر قابل اعتماد ویب براؤزر کا استعمال کریں۔

سب سے پہلے آپ maps.google.com پر جائیں اور وہاں اوپر دائیں جانب موجود سرچ بار میں اپنے گھر کا پتہ درج کریں، Return پر کلک کریں، پھر ظاہر ہونے والی اپنے گھر کی تصویر پر کلک کریں۔

اس کے بعد آپ کو اپنے مقام کا Street View نظر آئے گا۔

نیچے دائیں طرف Report a Problem پر کلک کریں۔ یہ دکھنے میں بہت چھوٹا ہے لیکن وہاں موجود ضرور ہے۔

اب، یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ گوگل پر کس چیز کو دھندلا کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے ماؤس کا استعمال کرتے ہوئے، تصویر کے منظر کو ایڈجسٹ کریں تاکہ آپ کا گھر اور جو کچھ بھی آپ دھندلا کرنا چاہتے ہیں وہ سب سرخ اور بلیک باکس میں موجود ہو۔

اس کے لیے اپنے کرسر کا استعمال کریں اور بالترتیب زوم ان اور آؤٹ کرنے کے لیے پلس اور مائنس بٹن استعمال کریں۔

ایک بار جب آپ تصویر کو ایڈجسٹ کر لیں، تو اس چیز کا انتخاب کریں جسے آپ دھندلا کرنے کی درخواست کر رہے ہیں:

  • ایک چہرہ
  • میرا گھر
  • میری کار/لائسنس پلیٹ
  • کوئی اور چیز

اگر تصویر میں کئی کاریں، لوگ اور دیگر اشیاء ہوں تو آپ سے مزید تفصیل بتانے کو کہا جائے گا کہ آپ کس چیز کو دھندلا کرنا چاہتے ہیں۔

اس کے علاوہ، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ جس چیز کا انتخاب کرتے ہیں وہ وہی ہے جو آپ دھندلا کرنا چاہتے ہیں۔

Google پر جب آپ ایک بار Street View پر کسی چیز کو دھندلا کر دیتے ہیں، تو وہ مستقل طور پر دھندلی ہو جاتی ہے۔

آخر میں، اپنا ای میل درج کریں (اس کی ضرورت ہے)، کیپچا کی تصدیق کریں (اگر ضرورت ہو) اور Submit پر کلک کریں۔

اس کے بعد آپ کو گوگل کی جانب سے ایک ای میل موصول ہونا چاہیے جس میں کہا گیا ہوگا کہ وہ آپ کی رپورٹ کا جائزہ لے گا اور درخواست کے مسترد یا منظور ہونے کے بعد آپ سے رابطہ کرے گا۔

آپ کو Google کی جانب سے مزید ای میلز موصول ہو سکتی ہیں جن میں آپ کی درخواست کے بارے میں مزید معلومات طلب کی گئی ہوں۔

گوگل اس بارے میں کوئی معلومات پیش نہیں کرتا کہ آپ کی درخواست پر کارروائی میں کتنا وقت لگے گا، اس لیے بس مزید ای میلز پر نظر رکھیں۔

google

Google Maps

Street View

How to blur things on google maps