عمران ریاض کا ویزہ منسوخ، مونس الہیٰ کی ٹویٹ پردونوں میں طنزیہ جملوں کا تبادلہ
معروف صحافی عمران ریاض خان کا ویزہ منسوخ ہوجانے کی خبرسوشل میڈیا پر’ہاٹ ٹاپک’ بنی ہوئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مُونس الہیٰ کی ٹویٹ نے اینکرپرسن کومشتعل بھی کردیا جس کے بعد مونس الہیٰ کی جانب سے وضاحت بھی سامنے آگئی ہے۔
عمران ریاض خان کا آسٹریلوی شہربرسبین میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ہفتہ 10 دسمبر کو مقامی ریسٹورنٹ باربی کیو ٹونائٹ میں عشائیہ طے تھا جس کا اہتمام پی ٹی آئی آسٹریلیا کے عہدیدارعامرچوہدری کی جانب سے کیا گیا تھا۔
آسٹریلیا میں مقیم نمائندہ آج نیوزخالد بھٹی کے مطابق اس عشائیے کیلئے ٹکٹ کی قیمت 90 ڈالرمقررکی گئی تھی ، عمران ریاض کا ویزہ منسوخ ہونے کے بعد یہ رقم واپس کی جارہی ہے۔
اسی خبرکے دوران مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ’سُنا ہے کسی کا ویزہ جرائم پیشہ عناصر سے مضبوط روابط ہونے کے باعث منسوخ ہوا اورانہیں ائرپورٹ سے واپس جانا پڑا۔‘
اس ٹویٹ پرتبصرہ کرنے والوں میں سے بیشتر نے جواب میں عمران ریاض کا نام لیا جس پراُن کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آگیا۔
عمران ریاض نے جوابی ٹویٹ میں مونس الہیٰ کوچیلنج کرتے ہوئے لکھا، ’نام لو نا مونس الہی صاحب ،میرا ویزا کینسل ہوا ہے اور ہاں جن کی وجہ سے ہوا ہے ان کا نام لینے کی بھی جرات پیدا کرو۔‘
جواب الجواب میں مونس الہیٰ نے اس اندازے کو ’ ہوامیں اُڑتا تیر’ قراردیتے ہوئے عمران ریاض پرواضح کیا کہ وہ ’کسی‘ عمران ریاض خان نہیں ہیں۔
دوسری جانب عمران ریاض خان نے ویزہ منسوخی کو مقتول صحافی ارشد شریف والے معاملے کے مماثل قراردیتے ہوئے لکھا کہ، ’وہی کھیل وہی کھلاڑی اور وہی مونس جیسے مہرے۔‘
Comments are closed on this story.