Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توہین عدالت کیس: اسد عمر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی

عدالت نے اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس کیس نمٹا دیا
شائع 07 دسمبر 2022 10:25am
Asad Umar seeks unconditional pardon from LHC in contempt of court case | Aaj News

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے توہین عدالت کیس میں عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی، لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے توہین عدالت نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالتوں نے آپ کو لانگ مارچ کی اجازت دی اور آپ نے عدالتوں پر ہی الزامات لگائے۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی دھرنوں سے متعلق کیس میں اسد عمرکوجاری توہین عدالت نوٹس پرسماعت کی۔

اسد عمر اپنے وکیل ایڈووکیٹ چوہدری فیصل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

اسد عمر نے غیرمشروط معافی مانگتے ہوئے کہاکہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، اگر میری تقریرسے کوئی لائن کراس ہوئی ہے تو میں عدالت سے معافی مانگتا ہوں، میری تقریر میں کسی جج کا نام نہیں تھا۔

جسٹس جواد حسن نے کہا کہ مسئلہ توہین عدالت کا نہیں، اداروں اوران کی شخصیات کے اوپر الزامات کا ہے،عدالت کے پاس وڈیوبیان موجود ہے معلوم ہے آپ نے تقریرمیں کیا کہا، آئین کے آرٹیکل 50 اور60 رائٹ ٹو ڈیموکریسی اوررائٹ ٹوموومنٹ کی اجازت دیتے ہیں لیکن اداروں پرتنقید نہیں۔

جس کے بعد عدالت نے اسد عمر کو جاری توہین عدالت نوٹس کیس نمٹا دیا۔

بعدازاں عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ ہمار ے دور میں روس سے تیل رعایتی قیمت پر خریدنے کی بات ہوئی تھی، آج یہ حکومت 8 ماہ بعد روس سے سستا تیل خریدنے کی بات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی نااہلی پر قوم سے معافی مانگنی چاہیئے، ہم ملک کی حقیقی آزادی کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی آج اسمبلیاں تحلیل کرنے پر مشاورت کرے گی، اسمبلیاں تحلیل کرنے کے ساتھ ہی ان کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔

pti

Lahore High Court

Asad Umer

rawalpindi bench