Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: آن لائن کمیٹی کا بڑا اسکینڈل، کمیٹی والی باجی غائب

خاتون سدرہ نے مبینہ طور پر 10 کروڑ روپے سے زائد کی کمیٹیاں چلا رہی تھی، متاثرہ شہری
اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2022 05:52pm

کراچی میں آن لائن کمیٹی ڈالنے والوں کے کروڑوں روپے ڈوب گئے۔

کراچی میں آن لائن کمیٹی کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا ہے، جس کے بعد کمیٹی والی باجی غائب ہوگئی ہیں۔

متاثرین نے کمیٹی ڈالنے والی خاتون کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس حوالے سے متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ خاتون سدرہ نے مبینہ طور پر 10 کروڑ روپے سے زائد کی کمیٹیاں چلا رہی تھی اور گزشتہ 3 سال سے آن لائن کمیٹی ڈال رہی تھی۔

سدرہ نے سوشل میڈیا پر کمیٹی ڈالنے والی خواتین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فراڈ نہیں ہوں، کہیں نہیں بھااگ رہی، کچھ وقت میں پیسے لوٹا دونگی، سدرہ نے سوشل میڈیا پر ہی 18 افراد کو پیسے لوٹانے کا بھی دعویٰ کیا۔

دوسری جانب متاثرین کی دھمکیوں کے بعد خاتون سدرہ حمید نے عدالت سے رجوع کرلیا۔

خاتون نے درخواست میں موقف اپنایا کہ جمع کی گئی رقم کی واپسی کا بندوبست کررہی ہوں، سوشل میڈیا کے ذریعے رقم کی واپسی کا اعلان کیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مجھے دھمکی آمیز فون کال موصول ہورہی ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، حفاظت کے پیش نظر ہمیں دوسری جگہ منتقل ہونا پڑا۔

خاتون کی درخواست پر عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

کمیٹیاں کیا ہوتی ہیں؟

اگرآپ پاکستان میں رہتے ہیں تو آپ نے بچپن سے ہی سنا ہو گا کہ گھر کی کسی ضرورت یا آپ کے کسی کام مثلاً نئی موٹرسائیکل یا فیس وغیرہ کے لیے والدہ نے کمیٹی ڈال رکھی ہے۔

مگر کمیٹی صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہر اس جگہ ڈالی جاتی ہے جہاں لوگ بینکاری نظام تک یا تو رسائی نہیں رکھتے یا بلند شرحِ سود کی وجہ سے بینکوں سے قرض لینے کو بہترین آپشن نہیں سمجھتے۔

کمیٹی سسٹم کو انگلش میں روٹیٹنگ سیونگز اینڈ کریڈٹ ایسوسی ایشن کہا جاتا ہے۔

karachi

social media

committee