Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کابل میں پاکستانی سفارتخانے پرحملہ کرنے والاگرفتار ملزم افغان شہری نہیں، طالبان حکومت

اسپیشل فورسز نے ملزم کو کابل سے گرفتار کیا
اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2022 03:03pm
افغان پولیس اہلکار کابل میں پاکستان کے سفارت خانے کے باہر پہرے میں کھڑے ہیں۔ تصویر:اے ایف پی/فائل
افغان پولیس اہلکار کابل میں پاکستان کے سفارت خانے کے باہر پہرے میں کھڑے ہیں۔ تصویر:اے ایف پی/فائل

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کرنے والے دہشتگرد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

افغانستان قائم مقام نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اسپیشل فورسز نے غیرملکی ملزم کو کابل سے گرفتارکیا ہے جس کا تعلق داعش سے ہے۔

ترجمان افغان حکومت کے مطابق پاکستانی سفارتخانے پر حملہ باغیوں اور داعش کی مشترکہ کارروائی تھی، جس کا مقصد دو برادرانہ ممالک میں بدگمانی پیدا کرنا تھا۔ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

گزشتہ روز ہی پاکستانی سفارتخانے پرحملے کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی گئی تھی۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرزکے مطابق داعش نے اعترافی بیان ٹیلی گرام کے ذریعے جاری کیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی سفارتخانے پرنامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس سے ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا تھا جس کو تین گولیاں لگیں جبکہ پاکستان کے ناظم الامور فائرنگ سے محفوظ رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کے ناظم الامور اوران کا عملہ سفارت خانے میں موجود تھا۔

afghanistan

kabul