موٹروے کرپشن اسکینڈل میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی بھی ملوث ہے، مرتضیٰ وہاب کا بڑا الزام
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے الزام عائد کیا ہے کہ سکھر حیدرآباد موٹر وے ایم 6 منصوبے میں کرپشن کے معاملے میں نیشنل ہائی وےاتھارٹی بھی ملوث ہے۔
ترجمان سندھ حکومت اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سکھرحیدرآباد ایم 6 مٹیاری موٹروے مکرپشن کی انکوائری کے لیے 3 افسران پر مبنی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ 17 نومبر کو مٹیاری میں مقدمہ درج ہوا، ڈپٹی کمشنر مٹیاری کو گرفتارکرکے 42 کروڑ روپے برآمد کرلیے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹرکراچی کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات ہوئیں تو نوشیروفیروز میں بھی اسطرح کی خردبرد کا انکشاف ہوا،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایک اور جے آئی ٹی تشکیل دی گئی اور 3روز قبل یہ رپورٹ بھی موصول ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں خردبرد کے الزامات میں صداقت نظرآئی جس پرڈپٹی کمشنر نوشیرو فیروز کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جو 18 نومبر کوملک سے فرار ہوگیا۔ ان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جائیں گے اور پاکستان واپس لانے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے الزام عائد کیاکہ یہ کام ڈپٹی کمشنر اکیلے نہیں کرسکتے، اس کام میں مبینہ طور پر این ایچ اے (نیشنل ہائی وے اتھارٹی) بھی ملوث ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہ اس حوالے سے حکومت سندھ این ایچ اے کے ساتھ رابطہ میں ہے۔
Comments are closed on this story.