سندھ کا ثقافتی دن انتہائی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا
کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن انتہائی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا۔
سندھ کے مختلف شہروں میں یوم ثقافت کے حوالے سے مختلف پروگرام، شو اور ریلیاں نکالی گئیں۔
سندھ کے ثقافتی دن کے سلسلے میں گورنر ہاؤس میں بھی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔
سندھی ثقافت کے دن پر گورنرہاؤس بھی ثقافتی رنگوں سے سج گیا، فہیم علن فقیر اور دیگر فنکاروں نے سر بکھیر کربھرپور داد سمیٹی۔
اس موقع پر گورنر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سندھ دھرتی میں رہنے پر فخر ہے، محبت کا پیغام پورے پاکستان میں پھیلانے کی ضرورت ہے۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب کراچی پریس کلب پر خصوصی تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین سمیت نوجوان، بوڑھے، بچے ثقافتی لباس زیب تن ہوکر شریک ہوئے۔
فنکاروں نے سندھی گیتوں کے سر بکھیرے تو شرکاء نے والہانہ رقص کیا۔
فوارہ چوک پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اپنی محبت کا انداز ثقافتی جھمر کے ساتھ امن کا پیغام دیا۔
جبکہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو ثقافتی رنگوں سے سجایا گیا اور شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
سندھی ثقافتی دن کے موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ثقافتی دن کی مبارکباد دی، جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوان اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی سندھی ثقافتی دن پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیوں اور آزادی کی سرزمین ہے،افسوس یہ سرزمین زرداری مافیا کے مظالم کا شکار ہے، ظالموں کیخلاف سندھ ایک بارپھر اٹھے۔
وزیراطلاقات سندھ شرجیل میمن نے مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ثقافت کا دن منانا روایات کو آگے بڑھانے کا نام ہے، سندھی ثقافت محبت اورانسانی احترام کی ثقافت ہے۔
تقاریب و ریلیوں کی شرکا کا کہنا تھا کہ ہر سال وہ اپنی ثقافت و تہذیب کا اظہار جوش و خروش سے کرتے ہیں۔
Comments are closed on this story.