Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بنگالیوں کی توہین پر بالی وڈ اداکار پریش راول بڑی مشکل میں پھنس گئے

پولیس میں شکایت درج
اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2022 10:50am

بھارتی اداکار پریش راول کے خلاف بنگالی مخالف تبصرہ کرنے پر پولیس میں شکایت درج کروا دی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس نے اداکار پریش راول کو ان کے نفرت آمیز تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ویسٹ بنگال کے ریاستی سکریٹری محمد سلیم نے بھارتی اداکار اور بی جے پی کے رہنما پریش راول کے خلاف بنگال مخالفب تبصرہ کرنے پر کلکتہ پولیس میں شکایت درج کروا دی ہے۔

محمد سلیم نے کولکتہ پولیس کو شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ ان کی شکایت کو ایف آئی آر کے طور پر تسلیم کیا جائے اور اداکار کے خلاف فوری مقدمہ چلائیں کیونکہ ان کی تقریر بنگالیوں کے خلاف نفرت آمیز رائے قائم کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ پریش راول نے گجرات میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے بنگالیوں کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’گیس سلنڈر مہنگے ہیں لیکن وہ نیچے آئیں گے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ لیکن کیا ہوگا اگر روہنگیا مہاجرین اور بنگلہ دیشی دہلی کی طرح آپ کے آس پاس رہنے لگیں؟ کیا آپ گیس سلنڈر استعمال کریں گے؟ بنگالیوں کے لیے مچھلی پکائیں گے؟۔

بی جے پی رہنما اور اداکار پریش راول کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارت کی بنگالی قوم میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔

اس بیان کے بعد ان کے خلاف بہت سخت ردعمل دیکھنے میں آیا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اداکار نے معافی مانگلی تھی اور اپنے بیان کی وضاحت بھی پیش کردی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ’یقیناً، مچھلی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ گجراتی بھی مچھلی پکاتے اور کھاتے ہیں۔ لیکن میرا مطلب غیر قانونی بنگلہ دیشی اور روہنگیا تھا،تاہم اگر میں نے آپ کے جذبات کو تکلیف پہنچائی ہے، تو میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں’۔

paresh rawal