Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی بھارت میں ریلیز، ”سرکس“ سے سخت مقابلہ متوقع

بھارتی فلم سازوں کو خدشات لاحق۔۔۔
شائع 03 دسمبر 2022 06:58pm

فواد خان کے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں مداح موجود ہیں، اور اس کی وجہ ان کی شاندار اداکاری اور مردانہ وجاہت ہے۔

فواد کی پہلی بالی ووڈ فلم ”خوبصورت“ (2014) کی ریلیز کے بعد بھارت میں ان کی فین فالوونگ میں بے پناہ اضافہ ہوا۔

کپور اینڈ سنز (2016) میں بھی ان کی کارکردگی نے مقبولیت میں اضافہ کیا۔

اور اب حال ہی میں ان کی پاکستانی فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ ریلیز ہوئی اور اس نے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی زبردست بزنس کیا۔

گرینڈ پیریڈ انٹرٹینر 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہوئی تھی اور اس کی کمائی نے دنیا بھر میں باکس آفس پر 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔ یہ پاکستان کی پہلی فلم ہے جس نے ایسا کارنامہ انجام دیا۔

بھارتی فلم بین ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کو دیکھنے کے لیے بے تاب تھے، لیکن اسے بھارت میں ریلیز نہیں کیا گیا۔

لیکن اب بھارتی خبر رساں ادارے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ، ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ 23 دسمبر کو بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کی امید ہے۔ یہ فلم ”زی اسٹوڈیوز“ کے بینر تلے ریلیز ہوگی، اور اسے یقینی بنانے کے لیے کام جاری ہے۔

اگلے ہفتے تک ایک واضح تصویر سامنے آجائے گی کہ آیا یہ فلم سنیما گھروں کی زینت بنے گی؟ اور آیا کہ یہ 23 دسمبر کو ہی ریلیز ہوگی یا کسی اور تاریخ کو۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ 23 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس کا ٹکراؤ ”سرکس“ سے ہوگا۔

روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی رنویر سنگھ کی فلم بھی اسی دن ریلیز ہوگی۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ 1979 کی کلٹ پاکستانی کلاسک فلم ”مولا جٹ“ کا ری میک ہے۔ جس میں مولا جٹ نامی ایک مقامی لوک ہیرو کی کہانی بیان کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے دشمن، ایک سفاک قبیلے کے رہنما، نوری نتھ کو کیسے شکست دیتا ہے۔

فواد خان کے علاوہ اس میں حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک اور ماہرہ خان بھی شامل ہیں۔

بھارت میں ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی ریلیز اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ بھارت میں پاکستانی فلموں اور اداکاروں پر غیر سرکاری پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

فلم ”اے دل ہے مشکل“ (2016)، جس میں فواد نے معاون کردار ادا کیا تھا، کو پرامن ریلیز حاصل کرنے میں مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Fawad Khan

Bollywood

Ranveer Singh

hamza ali abbasi

The Legend of Maula Jatt

Circus