Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

تھوک نہیں؟ کوئی مسئلہ نہیں! روٹ نے لیچ کی ”ٹِنڈ“ سے گیند چمکا لی

جو روٹ نے تھوک پر پابندی کے باعث جیک لیش کے سر سے گیند رگڑ رگڑ کر چمکا لی۔
اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2022 08:38pm

تھوک نہیں؟ کوئی مسئلہ نہیں۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلش کرکٹر جو روٹ نے لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کی ”ٹِنڈ“ سے گیند چمکالی۔

جو روٹ نے پاکستانی اننگز کے 73ویں اوور کے دوران تھوک پر پابندی کے باعث جیک لیش کے سر سے گیند رگڑ رگڑ کر چمکا لی۔

انگلینڈ کو وکٹوں کی اشد ضرورت تھی، جو روٹ نے گیند اولی رابسن کو دی اور اسی دوران جب میڈیم پیسر اپنا جمپر امپائر کو دے رہے تھے تو روٹ نے جیک لیچ کے سر پر گیند کو پالش کرنا شروع کر دیا۔ اس واقعے نے کمنٹیٹرز کو بھی ہنسنے پر مجبور کردیا۔

کمنٹیٹر ناصر حسینی نے کہا ”میرے خیال میں روٹ، لیچ کے سر پر گیند چمکا رہے ہیں۔“

ڈیوڈ گوور کا ہنستے ہوئے کہنا تھا کہ، ”یہ کلاسک ہے، اور چالاک بھی، یہ انتہائی ذہین ہے کیونکہ اب آپ کو تھوک استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ٹیسٹس نے بظاہر ثابت کیا ہے کہ گیند کو چمکانے میں پسینہ، تھوک کے مقابلے میں بہت زیادہ مؤثر ہے، لیکن میں نے کبھی بھی اس مخصوص کھوپڑی کو گیند چمکانے کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔“

ناصر نے کہا، ”ڈیو میری طرف مت دیکھیں۔ میری طرف مت دیکھیں۔“

جیک لیچ کو ٹیم کے فائدے کے لیے اپنی مدد کی پیشکش کے فوراً بعد پویلین واپس جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

لیچ نے پاکستان کی اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں اور وہ واحد گیند باز رہے، جنہوں نے پاکستان کے بلے بازوں کو پریشان کیا۔

انگلینڈ کے 657 کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں پر 383 رنز بنائے ہیں۔ اوپنرز عبداللہ شفیق (114) اور امام الحق (121) نے سنچریاں اسکور کیں اور ابتدائی وکٹ پر 225 رنز بنائے۔

Joe Root

rawalpindi test

Pakistan vs England

Jack Leach

Shining Ball