Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

اعظم سواتی بلوچستان منتقل، کچلاک جیل میں رکھا جائے گا

سینیٹر اعظم سواتی کو کچلاک جیل میں رکھا جائے گا، ذرائع
اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2022 02:17pm
تصویر/ آئی این پی
تصویر/ آئی این پی

بلوچستان پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان پولیس نے یہ اقدام اعظم سواتی کے جوڈیشل ریمانڈ کے حکم کے بعد متعلقہ عدالت سے رجوع کرتے ہوئے اٹھایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو کچلاک جیل میں رکھا جائے گا اور صوبے میں ان کے خلاف درج پانچ مقدمات میں تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔

راولپنڈی جلسے میں متنازع تقریرکے معاملے پرکوئٹہ کے شہری اعظم سواتی کے خلاف تھانہ کچلاک میں مقدمہ درج کروایا تھا۔ عزیز الرحمان نامی شہری نے 27 نومبر کو ایف آئی آر درج کروائی تھی جس میں پیکا ایکٹ سمیت 7 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دفعہ 109 ، 505 ، 504 ، 501 ، 500 ، 153 اور 131 کو ایف آئی آر کا حصہ بنایا گیا ہے۔شہری کا مؤقف ہے کہ اعظم سواتی نے راولپنڈی جلسہ میں پاک فوج کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے، پاک فوج کے خلاف لوگوں کو اکسایا گیا۔ ٹوئٹر پرآرمی کے خلاف پروپیگنڈہ بھی ریکارڈ کا حصہ ہے، اداروں کے خلاف بیانات قابل قبول نہیں۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات اسلام آباد منتقل کرنےکی درخواست دائرکی تھی۔سپریم کورٹ میں ڈاکٹر بابر اعوان کی وساطت سے دائر کردہ اس درخواست میں وفاق،ڈی جی ایف آئی اے اورآئی جی سندھ وبلوچستان کوفریق بنایاگیا ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج اوراداروں کے خلاف تقریراورعوام کو اکسانے پراعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ، کراچی، جیکب آباد، نصیرآباد سمیت مختلف شہروں میں 15 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

اعظم سواتی کی 26 نومبر کو راولپنڈی جلسے میں کی جانے والی تقریر پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بھی ان کی ہر قسم کی کوریج پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

Azam Swati