Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شعیب ملک سے شادی، کیا عائشہ عمر کا بیان اصلی ہے؟

عائشہ عمر کے بیان سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ غلط نکلا
اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2022 08:40am

پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی علیٰحدگی کی افواہیں کچھ عرصے سے زیر گردش ہیں جبکہ بھارتی میڈیا پر یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ ان کی طلاق کی وجہ پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر ہیں ۔

تاہم اب انڈیا ٹائمز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عائشہ عمر نے شعیب ملک سے شادی کی خبروں پراپنا ردعمل دیا ہے ۔

بھارتی میڈیا نے عائشہ عمر کے انسٹاگرام پر کیے گئے ایک کمنٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں اور شعیب ملک بہت اچھے دوست ہیں اور ہماری شادی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ شعیب شادی شدہ ہے اور اپنی بیوی کے ساتھ بہت خوش ہے۔ میں ان دونوں کی بہت عزت کرتی ہوں میں اور شعیب اچھے دوست ہیں اور دوست ہی رہیں گے۔ اس طرح کا تعلق بھی دنیا میں پایا جاتا ہے۔

لیکن دراصل بھارتی میڈیا نے شعیب ملک کے حوالے سے عائشہ عمر کا جو کمنٹ پوسٹ کیا ہے وہ ایک سال پُرانا ہے ۔

شعیب ملک سے شادی پر مبنی یہ تبصرہ عائشہ عمر نے گزشتہ برس اس وقت کیا تھا جب ان کا شعیب ملک کے ساتھ ایک بولڈ فوٹو شوٹ وائرل ہوا تھا ۔

جب بولڈ فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو ان تصاویر پرایک مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے عائشہ سے پوچھا تھا کہ کیا انہوں نے شعیب ملک کے ساتھ شادی کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے؟

گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کے جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ثانیہ اور شعیب پہلے ہی الگ ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں اب صرف کاغذی کارروائی باقی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی مبینہ علیحدگی کی وجہ شعیب کی عائشہ عمرکے ساتھ بڑھتی قربت ہے۔

Shoaib Malik

ayesha omar

Sania Mirza