Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’نانا اور والدہ کے قتل کا انتقام چاہتا تو آمر مشرف کے سَر کا مطالبہ کرسکتا تھا‘

ذوالفقار بھٹو کی وجہ سے آج پاکستان مسلم دنیا میں واحد ایٹمی قوت ہے، وزیر خارجہ
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2022 07:50pm
وزیر خارجہ بلاول بھٹو۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
وزیر خارجہ بلاول بھٹو۔ فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اپنے نانا، ماموں اور والدہ کے قتل کا انتقام لینا چاہتا تو کہہ سکتا تھا کہ مجھے مشرف کا سَر چاہئے۔

کراچی میں پیپلز پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے موقع پر نشتر پارک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی وفاق اور کراچی کی جماعت ہے، ہم شہرِ قائد میں پیپلز پارٹی کا میئر منتخب کرکے شہر کے مسائل حل کرائیں گے۔

ہم نے جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے تین، تین آمروں کو گھر بھیجا

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور گلگت الیکشن میں نیازی کی ناک کے نیچے الیکشن جیتا، پیپلز پارٹی نے 55 سال عوام کی خدمت کی ہے، ہم نے جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے تین، تین آمروں کو گھر بھیجا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت اور انتشار کی سیاست کو رد جب کہ یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم تقسیم نہیں کرتے، صوبوں کو جوڑتے ہیں کیونکہ پی پی پی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔

جنگ ہارنے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو سنبھالا

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جنگ ہارنے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو سنبھالا، انہوں نے ہاری ہوئی قوم کو قدموں پر کھڑا کیا جب کہ 90 ہزار جنگی فوجیوں کو دشمن کی قید سے آزاد کراکر واپس ملک لائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین دیا، ماضی میں صرف امیر لوگ ووٹ ڈال سکتے تھے لیکن ذوالفقار علی بھٹو نے غریبوں کو ووٹ کا حق دیا، پہلے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کا راج تھا تاہم انہوں نے عوام کو با اختیار بنایا۔

ذوالفقار علی بھٹو کی وجہ سے آج پاکستان مسلم دنیا میں واحد ایٹمی قوت ہے

وزیر خارجہ نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ان کی وجہ سے آج پاکستان مسلم دنیا میں واحد ایٹمی قوت ہے، وہ نفرت نہیں بلکہ اُمید کی سیاست پر چلتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے والد اور دو بھائیوں کو شہید جب کہ نصرت بھٹو اور آصف زرداری کو جیل میں بند کیا گیا، بینظیر شہید نے جلا وطنی برداشت کی اور آخر میں وہ خود شہید ہوگئیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ لوگ انگلی کٹا کر شہادت کا لقب لینا چاہتے ہیں، سیاست سیکھنی ہے تو بینظیر بھٹو سے سیکھو، وہ نفرت کے بجائے محبت کی سیاست پر یقین رکھتی تھیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں نفرت کی سیاست سکھائی ہی نہیں گئی، آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، میں چاہتا تو اپنے نانا، ماموں اور والدہ کے قتل کا انتقام کا مطالبہ کرسکتا تھا کہ ایوان صدر میں ٹوٹ پڑو مجھے آمر مشرف کا سَر چاہیے۔

عمران خان عوام کی محنت کا کریڈٹ وائٹ ہاؤس کو دینا چاہتے تھے

ان کا کہنا تھا کہ ہم دروازے کھٹکھانے پر نہیں بلکہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں، سیاسی اور پُر امن انداز میں اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا اور اسلام آباد پہنچ کر سلیکٹڈ کے خلاف عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا، عمران نے عوام کی محنت کو امریکی سازش قرار دیا اور وہ اس کا کریڈٹ واٹ ہاؤس کو دینا چاہتے تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے جیسے سلیکٹڈ کو گھر بھیجا، ویسے ہی عوام کے مسائل حل کریں گے، پاکستان فیٹف گرے لسٹ میں تھا جس کے پڑوسیوں سمیت دنیا بھر سے تعلقات خراب تھے، لیکن ہم نے 6 ماہ میں اقوام عالم سے تعلقات بہتر بنائے اور ملک کو گرے لسٹ سے نکلوایا۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین سےکہتے ہیں نفرت اور انتشار کی سیاست بند کریں، کٹھ پتلیوں نے ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا، آج تمام ادارے اپنی غلطیاں مان چکے ہیں، اداروں نے سیاست میں مداخلت نہ کرنےکااعلان کیا جس کے بعد کٹھ پتلی پریشان ہیں ادارے نیوٹرل ہوگئے تو ان کامستقبل کیا ہوگا۔

منی لانڈرنگ، گوگی، حلیمہ باجی کو بچانے کے لئے انتشار پھیلایا جا رہا ہے

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ، گوگی، حلیمہ باجی کو بچانے کے لئے انتشار پھیلایا جا رہا ہے، ہمارےاستعفے لینے آئے تو اپنےاستعفوں کا اعلان کردیا، البتہ یہ خیبر پختونخوا اور پنجاب سے بھی استعفے نہیں دیں گے۔

karachi

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Pervez Musharraf