سندھ بلدیاتی انتخابات: ’خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں‘
صوبائی وزیر محنت سعید غنی کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی وقت یہ نہیں چاہتی تھی کہ بلدیاتی انتخابات نہ ہوں، ہماری یہ آج بھی خواہش ہے کہ بلدیاتی انتخابات جلد ہو۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کیونکہ اس وقت کراچی شہر میں اگر کسی سیاسی جماعت کی پوزیشن بہت مستحکم ہے تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہے، باقی میئر بننے کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام الیکشن کے مقابلے میں بلدیاتی الیکشن میں سیکیورٹی زیادہ درکار ہوتی ہے، بدقستی سے بارشوں و سیلاب کے باعث بھی ہمارے پاس اتنی سیکیورٹی نہیں تھی کہ انتخابات وقت پر ہوسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ذہنی طور پر ایک مفلوج آدمی ہے، اس کے اندر پولٹکل وزڈم ہے نہ اس میں خود عقل ہے نہ وہ کسی کی بات مانتا ہے، عمران خان کو اس بات کا پتہ ہے کہ اس کی جماعت کے دو یا چار لوگ ایسے ہیں جو چاہتے ہیں کہ ان کا نمبر لگے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے یہ طئے کرلیا کہ میں نہیں تو کوئی اور بھی نہیں، اس نے یہ نہیں کہا کہ میں اسمبلیاں ختم کردوں گا، اس نے کہا کہ استعفیٰ دے دو سارے، تاکہ کوئی میدان میں نہ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دوسرا شیخ رشید ہے جو دعویٰ کرتا رہتا ہے، بولتا رہتا ہے، بھڑکیں مارتا رہتا ہے، ہوتا کچھ نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ میرا یہ خیال ہے کہ عمران خان کا اس ملک کی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، عمران خان پاکستان کی سیاست کا تاریک باب تھا جو ختم ہوگیا۔
Comments are closed on this story.