آرمی چیف جنرل باجوہ کی الوداعی ملاقات، وزیراعظم نے خدمات کو سراہا
وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی، وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک آرمی، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لئے خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیٹیف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وبا، سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے مثالی خدمات انجام دیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے جنرل باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔
وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو دنیا کی بہترین آرمی کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی امورکی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed on this story.