Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مراد سعید نے ارشد شریف کا لیپ ٹاپ اپنے پاس ہونے کی تردید کردی

تحقیقاتی کمیٹی میڈیا کے ذریعے بتارہی ہے مراد سعید کو طلب کیا گیا، مراد سعید
شائع 27 نومبر 2022 08:10pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کا ارشد شریف کے لیپ ٹاپ کے حوالے سے کہنا ہے کہ انہیں کوئی علم نہیں اور نہ ہی ایف آئی اے نے تحقیقات کیلئے نوٹس جاری کیا ہے۔

مراد سعید نے پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی میڈیا کے ذریعے بتارہی ہے مراد سعید کو طلب کیا گیا، اگر مجھے نوٹس بھیجنا ہے تو گھر آپ کو معلوم ہے، میرے گھر کے باہر باراتی ہر روز موجود رہتے ہیں۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ جلسے سے جب فارغ ہوا تو ارشد شریف قتل کے حوالے سے خبر چل رہی تھی، بتایا گیا کہ ارشد شریف کا لیپ ٹاپ مراد کے پاس ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ ارشد شریف قتل کے حوالے سے کمیشن بنا کر تمام سوالات کی تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل قاتلوں کو قوم کے سامنے پیش کیا جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ارشد شریف کا جس دن جنازہ تھا اس وقت کہا گیا کہ ان کو کوئی خطرہ نہیں تھا، ارشد شریف نے خود کہا تھا کہ انہیں دھمکیاں ملیں اور خطرہ تھا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ ارشد شریف سب کیلئے کھڑے ہوتے تھے، ارشد شریف کا یو اے ای ویزہ ختم نہیں ہوا تھا۔ ارشد شریف پر جعلی مقدمات درج کرنیوالے کون ہیں؟ ارشد شریف کو دھکمیاں کون دے رہا تھا؟ ان کی امیگریشن کی تصویر کیوں لیک کی گئی؟ وہ کون لوگ تھے جنہوں نے دباؤ ڈال کر متحدہ عرب امارات سے ارشد شریف کو نکلوایا؟ 10 سے 20 اگست کے درمیان کن کن اہم شخصیت نے امارات کا دورہ کیا؟

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کو ارشد شریف نے خود ثبوت پیش کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سوال اسلئے اٹھا رہا ہوں کہ آپ کی تحقیقات کی ڈائریکشن درست ہوں، تحقیقاتی کمیٹی سے کوئی امید نہیں، چیف جسٹس سے اپیل ہے تحقیقات کرائے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں بھی جاتی ہیں تو کوئی پرواہ نہیں کیونکہ اب ہم حقیقی آزادی کی بات کررہے ہیں اور حکومتیں اس کیلئے چھوٹی چیزیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے کل کے جلسے میں پیغام دیا کہ خودداری اور خودمختاری چاہتے ہیں اور پاکستانی قوم کسی کی غلامی نہیں کرسکتی۔

صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے سے بچنے کیلئے اپوزیشن کے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مراد سعید نے کہا کہ انہیں کوئی پرواہ نہیں اگر ان سے صوبائی حکومتیں بھی جاتی ہیں کیونکہ حکومتیں چھوٹی چیزیں ہیں، اب تو ہم حقیقی آزادی کی بات کررہے ہیں۔

Murad Saeed

arshad sharif death

laptop

Mac book