Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے باپ جاں بحق 2 بیٹے زخمی، شہریوں کے تشدد سے ڈاکو ہلاک

60 سالہ شہری کے دو بیٹے بھی زخمی ہوئے
اپ ڈیٹ 27 نومبر 2022 09:21pm
علامتی تصویر بزریعہ اے ایف پی
علامتی تصویر بزریعہ اے ایف پی

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون سیکٹر سیون اے میں شہریوں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

سرجانی ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او یاسین گجر کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 اے میں دو بھائی ذیشان اور نعمان گھر کے باہر گلی میں بیٹھے ہوئے تھے کہ دو مسلح ملزمان نے ان سے لوٹ مار شروع کردی۔

پولیس کے مطابق اس دوران لڑکوں کے 60 سالہ والد سلیم گھر سے باہر نکلے تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس سے ذیشان، اس کا بھائی نعمان اور والد سلیم شدید زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے دوران لوگوں نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تشدد اور پتھراؤ کرنے سے دونوں ملزمان موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکو شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، بعض اطلاعات کے مطابق ڈاکوؤں کی ہلاکت شہریوں کی جانب سے کیے جانے والے تشدد اور پتھراؤ کے باعث ہوئی۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا، ملزمان کے قبضے سے لوٹا گیا سامان اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ ملزمان کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

واقعے پر علاقہ مکینوں شدید غم و غصے پایا جاتا ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہر میں مسلح ڈاکوؤں کو کوئی روکنے والا نہیں ہے۔

رواں سال شہر میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران سو سے زائد افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔

Karachi Crime

Karachi Firing