ملک کو اس قدر گرانا بیرونی ایجنڈے کے بغیر نہیں ہوسکتا، مولانا فضل الرحمان
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے نکلے ہیں، ہم نے درحقیقت ریاست کی بقا اور اس کی حفاظت کی جنگ لڑی ہے۔
مانسہرہ میں جلسے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو معاشی سطح پر کامیاب بنایا ہے، گذشتہ چھ مہینوں میں پاکستان گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں آچکا ہے، ڈالر کی قیمت 250 روپے تک پہنچ چکی تھی جو اب کم ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین اور سعودی عرب کا اعتماد حاصل کرچکے ہیں، ہزارہ شاہراہ ریشم کا راستہ ہے، ہم شاہراہ ریشم کو اب سی پیک کہہ رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2014 میں چین نے دھرنے کی وجہ سے سرمایہ کاری ملتوی کردی، 21 نومبر کو سعودی عرب کے شہزادے نے دورے کا اعلان کیا تو عمران نے دھرنے کا اعلان کردیا۔
ان کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے میگا پروجیکٹس کو منجمد کردیا، پاکستان کی معیشت کو میکرو سے مائیکرو تک لے آئی، ملک کو اس قدر گرانا بیرونی ایجنڈے کے بغیر نہیں ہوسکتا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں اس ملک کو چلانا اور بچانا ہے، پاکستان میں سیاسی اورمعاشی استحکام آئے گا، اس وقت پاکستان میں قومی حکومت موجود ہے، آج ایک قومی سوچ سے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فوجی قیادت کو آخری حصار سمجھتے ہیں، ہم نے ماضی میں فوجی قیادت سے اختلاف بھی کیا تھا۔
Comments are closed on this story.