Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

علیحدگی پرخاموش ثانیہ اور شعیب تازہ ویڈیوز اورتصاویرمیں ایک ساتھ

ثانیہ نے نئی ویڈیو بھی شیئرکردی
شائع 26 نومبر 2022 04:14pm

شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پرتقریباً دم توڑچکی ہیں یا یوں کہہ لیں کہ صارفین نے دونوں کی خاموشی سے سمجھوتہ کرتے ہوئے سمجھ لیا ہے کہ اس جوڑی کی جانب سے کسی بھی ردعمل کے بغیر تبصرے جاری رکھنا ’مُدعی سُست گواہ چُست‘ والا معاملہ ہوگا۔

اس دوران کی جانے والی قیاس آرائیوں میں ثانیہ اورشعیب کے ’دی مرزاملک شو‘ کو بھی خوب زیربحث لایا گیا۔ طلاق کی افواہیں سرگرم ہونے کے دوران ہی پاکستانی کے پہلے او ٹی ٹی اردو پلیٹ فارم کی جانب سے شو کا آفیشل شیئرکرتے ہوئے بتایا گیا کہ اسے جلد نشرکیا جارہا ہے۔

بہت سے صارفین نے ردعمل میں تبصرے کیے کہ دونوں کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبریں محض شہرت حاصل کرنے کیلئے تھیں ، اور یہ جوڑی دراصل میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کرنا چاہتی تھی۔ تاہم بہت سے افرادنے یہ بھی کہا کہ ریکارڈنگ پہلے ہی ہوچکی ہے۔

تازہ ترین اپ ڈیٹ یہ ہے کہ اس جوڑی نے اپنے شو کی آخری ریکارڈنگ کل دبئی میں کروائی ہے ریکارڈنگزکے دوران ان کی شو میں شریک مہمانوں کے ساتھ ایک ساتھ ویڈیوز اور تصاویرسب موجود ہیں لیکن چونکہ شعیب اور ثانیہ کی جانب سے انہیں شیئرنہیں کیا گیا تویہ وائرل نہیں اور بہت سے صارفین اس حوالے سے نہیں جانتے۔

ثانیہ نے انسٹاگرام پر گزشتہ روز اپنے میک اپ آرٹسٹ اور ہیئراسٹائلسٹ کے ساتھ ایک ریل اپ لوڈ کی جس میں وہ بدیسی گانے پر جھوم رہے ہیں، میک اپ آرٹسٹ باب ظہیر پاکستان میں خاصے معروف ہیں اور انہیں ماہرہ خان سے دوستی اوران کی اسٹائلش لُکس کیلئے جانا جاتا ہے۔

دی مرزا ملک شو کے پلیٹ فارم ’اردوفلکس‘ سے کل ہی کی ایک اور ویڈیو شیئرکی گئی جس میں اردوفلکس کے چیف ایگزیکٹوآفیسرفرحان گوہرکی سالگرہ کا کیک کاٹا جارہا ہے، شعیب ہمراہ ہیں جبکہ ثانیہ مرزا پس منظرمیں دکھائی دے رہی ہیں۔

فرحان گوہرنے بھی انسٹاپرتصاویرشیئرکیں جن میں ثانیہ اور شعیب نمایاں ہیں۔

مرزا ملک شو کی دبئی میں ریکارڈ کی جانے والی ان اقساط میں منال خان اور احسن محسن اکرام، فیشن ڈیزائنرحسن شہریار یاسین، اداکارعمران عباس، سارہ خان اور فلک شبیر، ٹی وی میزبان وسیم بادامی، اداکار جنید خان ، فہد مصطفیٰ اور دیگرشامل ہیں۔

ثانیہ کی ہیئراسٹائلسٹ سیما نے بھی ان کے ساتھ شو کے سیٹ سے اسٹائلش تصاویرشیئر کیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع رپورٹس کے مطابق اس جوڑی کے درمیان باضابطہ طلاق ہونے جا رہی ہے۔ قریبی دوستوں کے مطابق دونوں پہلے ہی الگ ہونے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور اب صرف کاغذی کارروائی باقی ہے۔

شعیب اور ثانیہ کی شادی 2010 میں ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 30 اکتوبر2018 کوبھارتی شہرحیدرآباد میں ہوئی تھی۔

دسمبر2021 میں اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ شعیب اورثانیہ مرزا “ دی مرزا ملک شو“ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں جس کی تمام ترریکارڈنگ دبئی میں ہوگی۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ پروگرام میں دونوں ممالک سے مشہورشخصیات کو مدعوکرکے ان کی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق دلچسپ سوالات کیے جائیں گے۔

Shoaib Malik

Sania Mirza

The Mirza Malik Show