ہم بڑی مشکل سے ڈیفالٹ ہونے سے بچے ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم بڑی مشکل سے ڈیفالٹ ہونے سے بچ پائے ہیں، ہمیں اپنا زرمبادلہ بچانا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان ترکیہ بزنس کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ سے دونوں ملکوں کےدرمیان تجارت کو فروغ ملے گا، تجارت، دفاعی پیداوارسمیت مختلف شعبوں میں تعاون پرمشاورت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے استنبول میں حال ہی میں ہونے والے خود کش دھماکے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کی طرح دہشت گردی کا نشانہ بنتا رہا ہے، دہشت گرد انسانیت کے درجے سے گرے ہوئے لوگ ہیں، دہشتگردی کو ہرانے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے نے قربانیاں دیں۔
شہبازشریف نے ملک میں آنے والے سیلاب کے حوالے سے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے 35 ملین لوگ متاثرہوئے اور 1700 افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ترکیہ کے عوام کے مشکورہیں جبکہ پاکستان اورترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھےعلم ہے ماضی میں کچھ ترکی کی کمپنیوں کے لئے پاکستان میں مشکلات رہیں لیکن پاکستان میں تجارت اورسرمایہ کاری کو آسان بنانے کے ساتھ ہی تُرک سرمایہ کاروں کے مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے اقدامات بھی کررہے ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا ہے کہ تجارتی حجم میں اضافہ کرنے کے لئے ترکی کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، انہوں نے ملک میں شمسی توانائی سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کےعزم کا اعادہ بھی کیا۔
انہوں نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم بڑی مشکل سے ڈیفالٹ ہونے سے بچے ہیں کیونکہ ہمیں اپنے زرمبادلہ کو بچانا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو شفاف ٹھیکےدینے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ٹھیکوں میں ریڈ ٹیپ اور بیوروکریٹ ٹیپ کو برداشت نہیں کریں گے۔
Comments are closed on this story.