Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

استنبول میں پاکستانی بحری جہاز کا افتتاح- ترکیہ توانائی کیلئے بھی مدد کر رہا ہے، وزیراعظم

ترکیہ کے اس تعاون سے پاک نیوی کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا، وزیر دفاعی پیداوار
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2022 07:06pm
فوٹو — آئی این پی
فوٹو — آئی این پی
پی این ایس خیبر۔ فوٹو — ڈیلی صبا
پی این ایس خیبر۔ فوٹو — ڈیلی صبا

وزیراعظم شہباز شریف نے استنبول شپ یارڈ میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ پاکستانی بحری جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کردیا۔

شہباز شریف اس وقت دو روزہ دورے پر ترکیہ میں موجود ہیں، ان کے ہمراہ وفاقی وزراء جب کہ سربراہ پاک نیوی ایڈمیرل امجد نیازی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔

ترکیہ نے پاکستان نیوی کے لیے پہلا بحری جہاز بابر2021 اور دوسرا بحری جہاز بدر کراچی میں ایک تقریب میں پاکستان کے حوالے کیا جب کہ ترکیہ کی مدد سے 4 شپ بنانے کا یہ منصوبہ 2018 میں شروع کیا۔

سولر، ونڈ اور ہائیڈرل انرجی کیلئے ترکیہ ہماری مدد کر رہا ہے، وزیراعظم

استنبول شپ یارڈ میں پی این ایس خیبر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ میرا دوسرا گھر ہے، جس کا دوبارہ دورہ کرکے خوشی ہوئی، آج کی تقریب مجھھے 1920 کے دور میں لے گئی ہے جب ترکیہ میں آزادی کی جدو جہد چل رہی تھی، اس وقت برصضیر کے مسلمانوں نے ترک عوام کا ساتھ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، ترکیہ نے کی ہر مشکل میں مدد کی، طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ جدید فلاحی ریاست بن گیا جو کہ ایک دوراندیش رہنما ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا کو متعدد تنازعات کا سامنا ہے، روس یوکرین جنگ معاہدے میں ترک صدر کا کردار قابل ستائش ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی توانائی قلت کا سامنا ہے، ملک سستے توانائی ذرائع کے لئے اقدامات کر رہا ہے، لہٰذا پاکستان اور ترکیہ کو مل کر توانائی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا جب کہ دونوں ممالک ماحولیات کے لئے بھی مل کر کام کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سولر، ونڈ اور ہائیڈرل انرجی کے لئے ترکیہ ہماری مدد کر رہا ہے، ان منصوبوں سے ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، دونوں ممالک کے دل ساتھ دھڑکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان حال ہی میں تباہ کُن سیلاب سے متاثر ہوا جس پر ترکیہ نے 15 ہوائی جہاز اور 13 ٹرینوں کے ذریعے امداد بھیجی۔

پاک ترک تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی، صدر اردوان

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے نبرد آزما ہے، ترکیہ میں دہشتگردی پر پاکستانی خیر سگالی کا خیر مقدم کرتے ہیں، البتہ ترکیہ اور پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لئے متحد ہیں۔

طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ میں 752 ڈیفنس انڈسٹری پراجیکٹ چل رہے ہیں، یکجہتی کے لئے دفاعی صنعت کا مضبوط ہونا ضروری ہے، عنقریب پاک ترک تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران پاکستان نے ترکیہ سے تعاون کیا، ترک عوام کے دلوں میں پاکستان کے لئے بہت عزت ہے، پاکستان سیلاب سے شدید متاثر ہوا، اس مشکل وقت میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

قبل ازیں، وفاقی وزیر دفاعی پیدوار اسرار ترین نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس خیبر کی لانچنگ تقریب خوش آئیند ہے، پاک ترک تعاون سے دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اسرار ترین کا کہنا تھا کہ دفاعی شعبےمیں معاونت پر ترک قیادت کے شکر گزار ہیں، تعاون سے پاک نیوی کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

Pakistan Navy

Shehbaz Sharif

Turkey

Istanbul

pns khaiber

tayyab erdogan