کندھ کوٹ گریڈ اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی، اسٹیشن انچارج سمیت 4 اہلکارجھلس کر زخمی
کندھ کوٹ گریڈ اسٹیشن میں زبوں حالی کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں اسٹیشن انچارج سمیت چار اہلکار جُھلس کر زخمی ہوگئے۔
گریڈ اسٹیشن میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران صبح 9 بجکر45 منٹ کے وقت ٹرالی تبدیل کرتے ہوئے دھماکے سے آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔
آگ بھڑکنے سے گریڈ اسٹیشن انچارج حبیب الرحمان نوناری، نظام الدین کوسو ، حاکم علی بھلکانی، میرخان چاچڑ جھلس کر زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پرفائربرگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اورآگ پرقابو پالیا جبکہ زخمیوں کو سِول اسپتال کندھ کوٹ منتقل کردیا گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والے انچارج گریڈ اسٹیشن حبیب الرحمان نوناری کا 90 فیصد جسم جھلس گیا جبکہ نظام الدین کوسو کا 60 فیصد جسم جل گیا، جنہیں فوری کراچی ریفر کیا۔ اس کے ساتھ ہی 2 اہلکاروں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
واپڈا حکام کے مطابق گریڈ اسٹیشن کی ٹرالی اور بجلی کی مین ہیوی لائنیں خستہ حالی کا شکار ہیں جس کے باعث آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل انجنئیرز کی ٹیمیں گڈو پاور ہاؤس سے روانہ ہوگئی ہیں جب تک مرمتی کام ہوگا تب تک گریڈ اسٹیشن کے 5 فیڈرز کی بجلی فراہمی معطل رہے گی۔
Comments are closed on this story.