Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Awwal 1446  

’نئی فوجی قیادت سے آئینی حقوق کی بحالی، جمہوریت کے استحکام میں کردار ادا کرنے کی توقع ہے‘

صاف و شفاف قبل از انتخابات ملک میں جاری بحران کا واحد حل ہے، تحریک انصاف
اپ ڈیٹ 24 نومبر 2022 11:48pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان تحریک انصاف نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعناتیوں کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر مملکت کا اعلامیہ آ چکا ہے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد اور آرمی چیف مقرر ہونے پر عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ 8 ماہ کے واقعات نے واضح طور پر ملک میں تفریق پیدا کی، 8 ماہ میں جو اقدامات کیے گئے ان سے ملک اور اداروں کو نقصان پہنچا، پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئی، صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دباؤ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہید کردیے گئے۔

تحریک انصاف کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج کی نئی قیادت سے توقع ہے کہ وہ آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی جب کہ نئے الیکشن کے ذریعے عوام کو حق انتخاب دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوام فوج سے توقع رکھتی ہے کہ ملک کے بیرونی خطرات کے ساتھ ساتھ اندرونی معاملات پر عوام کی توقعات کے مطابق غیر جانبدارانہ مؤقف اپناتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے حقوق سلب نہیں کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ صاف و شفاف قبل از انتخابات ملک میں جاری بحران کا واحد حل ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ ملک کا درد رکھنے والے تمام شخصیات اور اداروں کو جمہوری مستقبل یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار کرنا چاہیے۔

pti

COAS

General Asim Munir