Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والا تفتیشی افسر تبدیل

گریڈ 18 کے انور شاہ کو نیا تفتیشی آفیسر مقرر کردیا گیا
شائع 24 نومبر 2022 02:46pm
تصویر/ روئٹرز
تصویر/ روئٹرز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر کو تبدیل کردیا گیا ۔

حقیقی آزادی مارچ کے دوران عمران خان پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی آفیسر انسپکٹر رانا امتیاز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

جس کے بعد گریڈ 18 کے انور شاہ کو نیا تفتیشی آفیسر مقرر کردیا گیا، انور شاہ اینٹی کرپشن لاہور میں ڈائریکٹر ویجیلینس کے عہدے پر تعینات ہیں ۔

ذرائع کے مطابق تفتیش سے متعلق تمام دستاویزات بھی نئے تفتیشی آفیسر کو منتقل کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران اب تک جائے وقوعہ سے 36 فرانزک شہادتیں جمع کی گئیں، شہادتوں کے ٹیسٹ کے لئے مختلف اشیاء کے 31 پارسل فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائع کے مطابق ملزم کے جوتے، جائے وقوعہ سے ملنے والے خون کے مختلف سیمپلز، خون آلود کپڑے اور گولیوں کے خول فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائے کا کہنا ہے کہ فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی مقدمے کی تفتیش میں حتمی سمت کا تعین کیا جائے گا۔

انور شاہ کو جے آئی ٹی کے کنوینئر سی سی پی او لاہور کی سفارش پر تفتیشی آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔

pti

imran khan

PTI long march 2022

Haqeeqi azadi march

Attack on Imran Khan

Politics Nov24 2022