Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فلم ’جوائے لینڈ‘ایک اور عالمی فلم فیسٹیول کے لیے نامزد

فلم کو کراچی اور اسلام آباد میں 18 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا
شائع 23 نومبر 2022 09:58pm

پاکستان میں تنقید کا شکار ہونے فلم ’جوائے لینڈ‘کو ایک اور عالمی فلم فیسٹیول کے لیے نامزد کردیا گیا ۔

فلم کو امریکا میں ہونے والے سالانہ ’فلم انڈیپینڈنٹ اسپرٹ ایوارڈ‘ میں ’انٹرنیشنل فلم‘ کی کیٹیگری کے لیے نامزد کردیا گیا۔

جوائے لینڈ’ کا مقابلہ دیگر پانچ ممالک کی فلموں سے ہوگا اور پاکستانی فلم کے مقابلے نامزد ہونے والی ایک فلم کو متعدد کیٹیگریز میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔

فلم انڈیپینڈنٹ اسپرٹ ایوارڈ’ کا انعقاد 4 مارچ 2023 کو ریاست کیلی فورنیا میں ہوگا۔

اسی فلم کو پاکستان کی کمیٹی نے اعلیٰ ترین فلمی ایوارڈ ’آسکر‘ کے لیے بھی نامزد کرکے اسے بھجوا رکھا ہے اور آسکر کا انعقاد بھی آئندہ برس مارچ میں ہوگا۔

جوائے لینڈ کو مئی 2022 میں دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کانزمیں ’کانز:کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو بالخصوص ہم جنس پرستوں یا پھر مخنث افراد پرمبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔

جوائے لینڈ کو پاکستان بھر میں 18 نومبر کو جزوی طور پر ریلیز کیا گیا تھا، اس کی نمائش پر پنجاب فلم سینسر بورڈ نے پابندی لگا رکھی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ایوارڈ یافتہ فلم کی کہانی ایک نوجوان اور ٹرانس جینڈر کے گرد گھومتی ہے جو کہ ڈانس کلب میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

joyland