Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آرمی چیف تقرری: جی ایچ کیو سے وزارت دفاع بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کوموصول

سمری میں میں 6 سینیئر ترین جرنلز کے نام ہیں، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2022 11:44am
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ہیڈ کوارٹرز۔ فوٹو — فائل
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ہیڈ کوارٹرز۔ فوٹو — فائل

نئے آرمی چیف کے تقرر کے لیے سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہونے پر ابہام منگل کو نصف شب اس وقت ختم ہوگیا جب آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ چھ سینئر جرنیلوں کے ناموں پر مشتمل سمری جی ایچ کیو نے وزیراعظم ہاؤس کو بھیج دی ہے۔ اس کے کچھ دیر بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ سمری موصول ہو گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے لئے سمری وزارت دفاع کو ارسال کردی گئی ہے جس میں 6 سینیئر ترین جرنلز کے نام ہیں۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے رات گئے اپنی ٹویٹ میں لکھا، “سمری وزارت دفاع سے وزیراعظم آفس میں موصول ہوگئی،انشاءاللہ باقی مراحل بھی جلد طے ہوجائیں گے۔

بعد ازاں آج صبح وزیراعظم آفس کی جانب سے بھی ٹویٹ میں سمری موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ سمری پر وزیراعظم طے شدہ طریقہ کار کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو نے اہم عہدوں کی تعیناتی کے لئے سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام اور ڈوزیئر وزارت دفاع کو بجھوائے جس کے بعد وزارت دفاع نے جی ایچ کیو کی جانب سے ملنے والے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا تقرر بھی انہی لیفٹیننٹ جنرلز میں سے ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ سمری میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا نام پہلے نمبر پر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نام فہرست میں دوسرے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

فور اسٹار جنرلز کی سنیارٹی لسٹ میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ سابق ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام فہرست میں پانچویں اورچھٹے نمبر پرلیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کا نام ہے۔

اس سے قبل میڈیا پر آرمی چیف کی تقرری سے متعلق سمری وزیراعظم کو موصول ہونے کی خبریں آنے کے بعد وزیردفاع خواجہ آصف اوروفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ایسی اطلاعات کی تردید کی تھی جن میں کہاجارہا تھا کہ جی ایچ کیو نے6 سینیئرترین جرنیلوں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس کو بھجوادی ہے۔

خواجہ آصف کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ابھی سمری موصول نہیں ہوئی، انشاءاللہ سمری وزیراعظم آفس میں موصول ہونے کی تصدیق وقت پرکی جائے گی ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ، ”قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، سمری موصول ہونے پراطلاع دے دی جائے گی“۔

پیر 21 نومبرکو بھی آرمی چیف کی تقرری سے متعلق سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہونے کی خبریں سامنے آئیں تھیں تاہم وزیردفاع نےتردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس عمل کا آغازہوچکا ہے ، سمری ابھی موصول نہیں ہوئی۔

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس کا خط وزارت دفاع کوبھجوایا جاچکا ہے اور جی ایچ کیو کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس میں وزیردفاع خواجہ آصف، اعلیٰ عسکری حکام اور اہم لیگی رہنماؤں نے شرکت کی، تاہم اجلاس کی کوئی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

ISPR

Army Chief

Army chief appointment