Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف تقرر۔ سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہونے کی پھر تردید

جی ایچ کیو کی جانب سے ملنے والے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس کو موصول، ذرائع
اپ ڈیٹ 22 نومبر 2022 11:50pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول نہیں ہوئی۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں زیر دفاع خواجہ آصف کا پی ایم ہاؤس کو سمری موصول ہونے سے متعلق کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس کوابھی سمری موصول نہیں ہوئی، سمری کی وزیراعظم آفس میں وصولی کنفرم وقت پرکی جائے گی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) نے اہم عہدوں کی تعیناتی کے لئے سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام اور ڈوزیئر وزارت دفاع کو بجھوائے جس کے بعد وزارت دفاع نے جی ایچ کیو کی جانب سے ملنے والے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا تقرر بھی انہی لیفٹیننٹ جنرلز میں سے ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو ارسال کی گئی سمری میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا نام پہلے نمبر پر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نام فہرست میں دوسرے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

فور اسٹار جنرلز کی تعیناتیوں کی سنیارٹی لسٹ میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ سابق ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ آئین کے تحت مسلح افواج میں فور اسٹار تعیناتیوں کا اختیار وزیراعظم کا ہے اور تعیناتیوں کی رسمی منظوری صدر مملکت دیتے ہیں۔

سنیارٹی کے لحاظ سے پاک فوج کے 6 افسران پروفائل درج ذیل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر

اس وقت کوارٹر ماسٹر جنرل جی ایچ کیو فرائض سرانجام دے رہے ہیں ، ان کا تعلق آفیسرٹریننگ سکول منگلا سے ہے ، جو 75ویں لانگ کورس سے جونیئر اور 76ویں لانگ کورس سے سینئر ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کے بعد سنیارٹی لسٹ میں دوسرا نام لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا ہے، سندھ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے ساحر شمشاد مرزا اس وقت راولپنڈی کور کی کمانڈ کر رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس

بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی میں عاصم منیر اور ساحر شمشاد مرزا کے بعد آتے ہیں، وہ اس وقت فوج کے اہم ترین عہدوں میں سے ایک یعنی چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر تعینات ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود

لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود سینیارٹی میں چوتھے نمبر پر ہیں اور ایک مضبوط کیریئر کے حامل ہیں، پاک فوج میں انہیں خاص طور پر پاکستان کی مغربی سرحد کا ماہر مانا جاتا ہے، وہ اس وقت نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے صدر جب کہ اس سے قبل وہ پشاور کے کور کمانڈر بھی تعینات رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے، وہ کور کمانڈر پشاور فرائض کی انجام دہی کے بعد اس وقت کور کمانڈر بہاولپور خدمات انجام دے رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر

لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام فہرست میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے بعد آتا ہے، وہ اس وقت وہ کور کمانڈر گوجرانوالہ خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ انہوں نے اس سے قبل جی ایچ کیو میں ایڈ جوٹینٹ جنرل بھی فرائض انجام دیئے ہیں۔

Shehbaz Sharif

COAS

اسلام آباد

Army chief appointment