Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نایاب عمرانی اہلِ خانہ قتل کیس: معاملہ اب فریقین کے مابین ہے، عدالت

جسٹس اطہر من اللہ نے کیس سننے سے معذرت کرلی
شائع 22 نومبر 2022 12:03pm
نایاب عمرانی (فائل فوٹو)
نایاب عمرانی (فائل فوٹو)

سپریم کورٹ میں نایاب عمرانی اہلِ خانہ قتل کیس پر ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی، جس میں جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئے کہ معاملہ اب فریقین کے مابین ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں چیف جسٹس نے نایاب عمرانی کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا سپریم کورٹ ماتحت عدلیہ میں چلنے والے ٹرائل کی نگرانی کر رہی ہے؟

جس پر وکیل فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ ٹرائل کا ایشو حل ہوچکا، جو قانون کے مطابق چل رہا ہے، کرمنل ٹرائل میں گواہی کا ایشو بھی حل ہو چکا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اب جائیداد کا معاملہ ایک سول کیس ہے ہم کیا کرسکتے ہیں، ہم نے صرف انصاف تک رسائی کو ممکن بنانا تھا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ معاملہ اب فریقین کے مابین ہے، عدالت نے سب کے حقوق کو دیکھنا ہے، کیا آپ کو ماتحت عدلیہ پر اعتماد نہیں؟

جسٹس اطہر من اللہ نے یہ کہتے ہوئے کیس سننے سے معذرت کرلی کہ معاملہ براہ راست عدالت میں کیسے سن سکتے ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت اگلے ماہ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ جیکب آباد میں جائیداد کے تنازع پر سوتیلے بھائیوں نے مبینہ طور پر نایاب عمرانی کے بھائی وقار عمرانی، بھابھی طاہرہ عمرانی اور بڑی بہن صنم عمرانی کو قتل کردیا تھا، جبکہ والدہ کو پہلے ہی زہر دے کر ماردیا گیا تھا۔ اس قتل کی چشم دید گواہ نایاب عمرانی ہیں۔

Supreme Court of Pakistan

Nayab Umrani