Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف جو نام بھیجیں گے ،وزیراعظم انہی میں سے تعیناتی کریں گے: رانا ثناء

'سمری آئے نہ آئے دونوں صورتوں میں آرمی چیف کی تعیناتی ہوجائے گی'
شائع 22 نومبر 2022 09:40am

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء کا کہنا ہے کہ سمری آئے نہ آئے دونوں صورتوں میں آرمی چیف کی تعیناتی ہوجائے گی۔ روایت ہے کہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ سے دو تین دن پہلے ہوتا ہے۔

رانا ثناء کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کیلئے 18 نومبرکی جو بات کی جا رہی تھی، اس کی ایک وجہ تھی، اس دن ایک افسر کی ریٹائرمنٹ ہونی تھی، آرمی چیف کی تقرری کا عمل شروع ہوگیا ایک دو روز میں مکمل ہو جائے گا، میرا خیال ہے کہ 22 یا 23 تاریخ تک سمری آجائے گی۔

جیوٹی وی پر پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں شریک وزیرداخلہ نے کہا کہ یہ فرض نہیں کرنا چاہئے کہ وزارت دفاع کی طرف سے سمری نہیں آئے گی، وزیراعظم ہاؤس نے سمری طلب کی ہے اور وزارت دفاع نے سمری بھیجنے کیلئے دو دن کا وقت مانگا ہے سمری میں سے ایک نام بھی فائنل ہوگا جس پر سول وعسکری قیادت پوری طرح متفق ہوگی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جو نام بھیجیں گے وہی ان کی طرف سے ہوں گے، وزیراعظم انہی ناموں میں سے کسی ایک کو آرمی چیف تعینات کریں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کوکڑی تنقید کا نشانہ بنانے والے رانا ثناء نے کہا کہ عمران خان کا مارچ اب لانگ مارچ نہیں رہا اب وہ جتماع کرنا چاہتا ہےجو اس معاملہ پر کسی بھی طرح اثر انداز نہیں ہوسکتا۔عمران خان کی احمقانہ سوچ ہے کہ اس طرح اس معاملہ کو پریشرائز کرسکے گا، یہ سب آرمی چیف کی تعیناتی پر اثرانداز ہونے کیلئے کیا جارہا ہے لیکن عمران خان کی آخری کوشش بھی ناکام رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ 2 ماہ سے دو ماہ سے فوج کو زچ کرنے کیلئے برا بھلا کہہ رہے ہیں۔، آرمی چیف رہنے والوں نے اس عہدے کی طاقت سے کم ازکم 30 سال ملک پرحکومت کی ہے، ادارہ خود کو سیاست سے دور کرے اور آئینی کردار تک محدود کرے۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ادارہ اب غیرسیاسی اورآئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے، عمران خان ادارے کو بلیک میل کرکے سیاست میں گھسیٹنا چاہتے ہیں،امید ہے ادارہ اپنے فیصلے پر قائم رہے گا اسی میں ملک کی بقا ہے۔

COAS

Rana Sanaullah

Army chief appointment

Politics Nov22 2022