Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک افغان بارڈر، بابِ دوستی ہر قسم کی نقل و حرکت کے لیے کھولنے کا اعلان

باب دوستی کو افغانستان سے ہونے والی دہشترگری کے باعث احتجاجاً بند کر دیا گیا تھا۔
شائع 20 نومبر 2022 08:57pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈپٹی کمشنر چمن عبدالحمید زہری کا کہنا ہے کہ پاک افغان بارڈر، چمن باب دوستی اور تصدق گیٹ کو پیر سے ہر قسم کی نقل و حرکت کے لیے کھول دیا جائے گا۔

ڈی سی چمن عبدالحمید زہری نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ چمن باب دوستی بارڈر تجارتی پیدل آمدورفت اور ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تیرہ نومبر کو پاک افغان بارڈر پر دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں افغان سرزمین سے داخل ہوکر ایک دہشت گرد نے ایک ایف سی اہلکار کو شہید اور دو کو زخمی کردیا، جس کے بعد باب دوستی کو احتجاجاً بند کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے باب دوستی پر آمدورفت بحال کرنے کے لیے سول ملٹری لیزان کمیٹی کی کئی ملاقاتیں ہوئیں، اس کے علاوہ افغان اور پاکستانی حکام کے مابین بات چیت کا سلسلہ جاری رہا۔

ڈی سی چمن نے کہا کہ افغان حکام نے ان ملاقاتوں کے دوران اس واقعے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کے مجرم کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا اور سخت سزا دی جائے گی۔

ان ملاقاتوں میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ آئندہ کسی بھی شرپسند عناصر کو دونوں ملکوں کے درمیان بھائی چارے کی فضا کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے انتشار پسندوں نے بے بس اور مجبور لوگوں کو استعمال کرکے سرحد کے دونوں طرف حالات کو خراب کر کے اپنے ناکام عزائم کو پورا کرنے کی مذموم کوششیں کی، لیکن اللہ پاک کے فضل و کرم سے دونوں ملکوں کے حکام اور عوام نے مل کر شرپسنوں کے عزائم کو ناکام کیا اور بھائی چارے کی فضا کو بحال رکھا۔۔

عبدالحمید زہری کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں آپ کو بتاتا چلوں کہ آج بھی افغان حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں متفقہ طور پر کچھ مشروط فیصلے کیے گئے، اس ملاقات کے بعد سول ملٹری لیزان کمیٹی کو ان کی مشاورت سے کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ پیر سے تمام قسم کی کاروباری تجارتی ٹریفک اور پیدل آمدورفت کے لیے بارڈر کھول دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آئندہ اس قسم کی واقعات دوبارہ رونما نہیں ہوں گے۔

Chaman Border

Pakistan Afghanistan Border