عمران خان کا آزادی مارچ راولپنڈی پہنچتا نظر نہیں آرہا، سعید غنی
پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کا آزادی مارچ راولپنڈی پہنچتانظر نہیں آرہا، اہم تعیناتی کو متنازع بنانا افسوسناک ہے، عمران خان سمجھتا ہے کہ وہ بغیر کسی سہارےدوبارہ حکومت میں نہیں آسکتا، عمران خان ذہنی مفلوج بن گیا ہے ۔
سندھ کے صوبائی وزیراطلاعات ومحنت سعید غنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی یوم تاسیس 30 نومبر کو نشتر پارک میں منعقد کررہی ہے، پورے ملک میں اس روز مختلف شہروں میں جلسے ہوں گے، آج سے کراچی میں پیپلز پارٹی کے جلسے منعقد ہورہے ہیں، سینیٹ کی خالی سیٹ پر پیپلز پارٹی نے وقار مہدی کو ٹکٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک ادارے کے سربراہ کو متنازعہ بنادیا ہے، اس سے کسی طرح ملک کی خدمت نہیں ہورہی، عمران خان کا آزادی مارچ راولپنڈی پہنچتا نظر نہیں آرہا ہے، وہ سب ادارروں کو کنٹرول میں لانا چاہتے ہیں۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھاکہ عمران خان کو ایک ہفتے جیل میں ڈالا جائے ٹھیک ہوجائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ مدد کے بغیر اقتدار میں آہی نہیں سکتا، اسٹیبلشمنٹ نے طے کرلیا کہ غیرآئینی کام نہیں کرنا، اس سے عمران خان کی نیندیں حرام ہوگئیں۔
صوبائی وزیرنے کہا کہ عمران خان کا 10 سالہ منصوبہ تہس نہس ہوگیا، عمران خان ذہنی طور پر مفلوج آدمی ہے، عمران خان اور بھارتی میڈیا ایک پیج پر ہیں، یہ ملک کے مفادات کا سودا کررہا ہے، اس نے دوست ملکوں سے ملنے والے تحائف فروخت کردیے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ عمران خان کروڑوں اور اربوں روپے کے تحائف بیچ کر امیر ہوئے، اس آدمی نے کسی ادارے کو نہیں چھوڑا، اس نالائق آدمی کو میڈیا نے سیاسی لیڈر بنا دیا۔
Comments are closed on this story.