Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیہون بس حادثہ: لواحقین کیلئے 10، 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

انڈس ہائی وے پر وین کے کھائی میں گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے.
شائع 19 نومبر 2022 07:28pm
تصویر: ٹوئٹر/ امرلعل
تصویر: ٹوئٹر/ امرلعل

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے سیہون حادثے میں جاں بحق 21 افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور سندھ حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کے لیے 10، 10 لاکھ روپے دینے کااعلان بھی کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے ہمراہ سیہون روڈ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور دعا کی۔

قائم علی شاہ نے گراؤنڈ پر موجود لواحقین اور دیہاتیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بڑا ہے، اطلاع ملتے ہی صوبائی اور وفاقی حکومت سے رابطہ کیا، یہ سندھ کی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناصر حسین شاہ وزیر اعلیٰ کی نمائندگی کے لیے آئے ہیں کیونکہ پارٹی مرحومین کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے امداد دے گی۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ حادثے پر انتہائی غم ہے اور وفاقی حکومت نے بھی حادثے کا نوٹس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے پاس پہنچے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، کچھ عرصہ قبل سندھ حکومت نے انڈس ہائی وے کو ڈبل کرنے کے لیے اپنے بجٹ سے 7 ارب روپے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو دیے تھے، لیکن سابق نااہل وفاقی حکومت کی وجہ سے کام شروع نہیں ہو سکا۔

ناصر شاہ نے کہا کہ ہم وفاقی وزیر مواصلات کے مشکور ہیں جنہوں نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اہلکاروں کو معطل کیا۔

انہوں نے کہا کہ خیرپور کے کئی علاقوں سے بارش کا پانی نکالا گیا ہے، جہاں پانی کھڑا ہے اسے جلد نکال دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن جب بھی کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کرائے ہم تیار ہیں۔

Nasir Hussain Shah

Qaim Ali Shah

Sehwan Bus Accident